دھرنوں نے قومی شعور بیدار کیا اور موجودہ کرپٹ نظام کے خلاف نفرت پیدا کی۔ فاروق بٹ
احتساب اور انتخابی اصلاحات کرانے کے بعد انتخابات میں حصہ لیں گے۔ انصار ملک
پاکستان عوامی تحریک کے رہنما فاروق بٹ، انصار ملک نے کہا ہے کہ عوامی انقلاب دھرنوں نے پوری قوم کے شعور کو بیدار کر دیا ہے اور اس نظام کے خلاف عوام میں نفرت پیدا ہوئی ہے۔ عوام میں اپنے حقوق کے حصول کیلئے جوش پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی شخص اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد سے دھرنا ختم کرنے کے ساتھ انقلابی جدوجہد سے کنارہ کشی کر لے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈاکٹر طاہرالقادری کو ایبٹ آباد روانگی کے بعد اپنی رہائش گاہ پر عوامی تحریک اسلام آباد کے مشاورتی اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عرفان طاہر، مصطفی خان، غلام علی خان، سعید نیازی، قاسم مرزا، عثمان بٹ، طالب حسین سہروردی، سفیان صابر، عاطف محمود اور دیگر بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سے اٹھنے والی انقلاب کی صدا کو ملک بھر میں ایک واضح پذیرائی ملی ہے۔ گو نوازگو کی آوازنے حکمرانوں کی گردنوں سے سریے نکال دیے ہیں۔ وی آئی پی کلچر کے خلاف عوام میں نفرت انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ فیصل آباد اور لاہور کے عظیم الشان جلسوں نے حکمرانوں کو ننگا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک ملک بھر میں ایک بڑی سیاسی جماعت بن کر ابھری ہے۔ اس موقع پر عوامی تحریک کے رہنماؤں نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے لوگوں کا دھرنے کے دوران تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم تھکے نہیں دھرنوں نے تحریک کے کارکنان اور پاکستانی عوام کو ایک نئی قوت اور حوصلہ دیا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی منزل انقلاب ہے اور ہم قومی حکومت کے قیام کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ احتساب اور انتخابی اصلاحات کرانے کے بعد انتخابات میں حصہ لیں گے اور اگر انتخابی اصلاحات کے بغیر بھی انتخابات مسلط ہوئے تو انتخابات کا میدان لٹیروں، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کیلئے کھلا نہیں چھوڑیں گے۔


تبصرہ