پاکستان عوامی تحریک کا مینار پاکستان کا جلسہ تاریخ ساز ہو گا۔ غلام علی خان
ایسا ریکارڈ قائم کریں گے کہ مستقبل میں کوئی جماعت توڑ نہیں سکے
گی
19 اکتوبر کو تاجر، وکلاء، مزدور، کسان، ملازم اور مذہبی طبقہ کی بھرپور شرکت ہو گی
پاکستان عوامی تحریک کے میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کا مینار پاکستان لاہور کا جلسہ تاریخ ساز ہو گا، ایسا ریکارڈ قائم کریں گے کہ مستقبل میں کوئی سیاسی جماعت توڑ نہیں سکے گی۔ 19 اکتوبر کو مینار پاکستان کے جلسہ میں پاکستان عوامی تحریک کے علاوہ اتحادی جماعتوں مسلم لیگ (ق)، مجلس وحدت المسلمین، سنی اتحاد کونسل، تاجر، وکلاء، مزدور، کسان، ملازم، مذہبی طبقہ اور سول سوسائٹی سے بھاری تعداد میں لوگوں کی بھرپور شرکت ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز انقلاب دھرنے میں عوامی تحریک راولپنڈی کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے۔ اس موقع پر ملک افضل، ملک طاہر جاوید، امجد عباسی، نذیر ہزاروی، ملک ناصر اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ جو ہمارے دھرنے کو ناکام کہہ رہے ہیں فیصل آباد کے عظیم الشان جلسہ کو دیکھ کر انہیں سبق حاصل کر لینا چاہیے۔ اب مینار پاکستان پر 19 اکتوبر کو عوام کا سمندر ہو گا جو ڈاکٹر طاہرالقادری کے دس نکاتی ایجنڈے کی حمایت اور حکمرانوں سے سخت نفرت کا کھلا ثبوت ہو گا۔ غلام علی خان نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کا ہر انقلابی کارکن جلسہ کو کامیاب کرنے کیلئے شب و روز ایک کر رہا ہے۔


تبصرہ