ڈاکٹر طاہرالقادری نے ‘‘گو نوازگو’’ کا نعرہ دے کر پوری قوم کی ترجمانی کی۔ چوہدری افضل گجر
کرپٹ نظام اور اس کے محافظوں کو جانا ہوگا، قوم جلد خوشخبری سنے
گی
شرکاء دھرنا ملک کے کروڑوں غریبوں کے حقوق کی خاطر قربانیاں دے رہے ہیں
پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چوہدری افضل گجر نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ‘‘گو نوازگو’’ کا نعرہ دے کر پوری قوم کی ترجمانی کی ہے۔ پوراملک ‘‘گو نوازگو’’ کے نعروں سے گونج رہا ہے لیکن حکمران اپنی کرسی اور اقتدار کو بچانے کے لئے عوام پر ظلم و جبر کی داستان رقم کر رہے ہیں۔ اب تو حکمرانوں کے اپنے بچوں نے بھی‘‘گو نوازگو’’ کے نعرے لگانے شروع کر دیے ہیں۔ میاں صاحب اب تو شرم کریں اقتدار چھوڑ دیں اور اپنے آپ کو قانون کے حوالے کر دیں۔ قتل کے مقدمے بھی درج ہو چکے ہیں، اگر کسی اور ملک میں ایسا ہوا ہوتا تو وہاں کے حکمران کب سے مستعفی ہو چکے ہوتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دھرنا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی جدوجہد اور شرکاء دھرنا کی قربانیاں جلد رنگ لانے والی ہیں۔ پاکستانی قوم جلد خوشخبری سنے گی اور اس کرپٹ نظام اور اس کے محافظوں کو جانا ہوگا۔ مک مکا اور باریوں والی سیاست اب ختم ہو چکی ہے۔ چوہدری افضل گجر نے کہا کہ ہماری جنگ اشرافیہ کے خلاف ہے، حکمرانوں نے کبھی شرکاء دھرنا کو لشکری کہا، کبھی کچھ کہا۔ شرکاء دھرنا ملک کے کروڑوں غریبوں کے حقوق کی خاطر قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دھرنا آئینی ہے، جمہوری ہے، حکمران نہ آئین پر یقین رکھتے ہیں نہ جمہوریت پر، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر قوم کو مایوس کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 70 فیصد ٹیکس چور پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں، ہم پارلیمنٹ کے دروازے ٹیکس چوروں اور لٹیروں کے لئے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے بند کرنا چاہتے ہیں۔


تبصرہ