اقتدار پر چند بدعنوان گھرانوں کا قبضہ ہے، جنہیں ہٹائے بغیر خوشحالی ممکن نہیں۔ عمر ممتاز
راولپنڈی: عوامی تحریک یوتھ ونگ راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری عمر ممتاز نے کہا ہے کہ حکمران سیاسی عمارات کی حفاظت کیلئے پریشان ہیں مگر ہمارے چودہ شہید اور ہزاروں گرفتار کارکنوں کی انہیں کوئی پرواہ نہیں۔ انصاف نہ ملنے پر ہم پچھلے کئی دنوں سے سڑکوں پر ہیں۔ کم و بیش یہی حال ان کروڑوں لوگوں کا ہے جو مہنگائی، بیروزگاری اور عدم تحفظ کا شکار ہیں مگر مایوس اور بے حس ہو کر احتجاج بھی نہیں کرتے۔ میڈیا پر آکر جو لوگ نظام کے تسلسل کی بحثیں کرتے ہیں ان کے پیٹ بھرے ہوئے ہیں انہیں ان باتوں کے پیسے ملتے ہیں۔ اقتدار پر چند بدعنوان گھرانوں کا قبضہ ہے، جنہیں ہٹائے بغیر خوشحالی ممکن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سید اعجاز شاہ، راجہ عصمت اور سجاد قادری بھی ان کے ہمراہ تھے۔
عمر ممتاز نے کہا کہ ہماری ساری جدوجہد کا مقصد جمہوریت کے نام پر رائج ظالمانہ نظام کو بے نقاب کرنا اور اس کا خاتمہ ہے۔ اٹھارہ کروڑ عوام چند ہزار لٹیرے سیاست دانوں کے آگے بے بس ہیں۔ جنکی لوٹ مار نے سونا اگلتی اس سرزمین کو بھکاری ریاست میں تبدیل کر دیا ہے مگر پھر بھی سارے ستون اس کو بچانے میں مصروف ہیں۔ عوام گھروں سے نکلیں اور تعمیر وطن کی اس عظیم جدوجہد میں ہمارا ساتھ دیں۔ اگر انہوں نے یہ تاریخی موقع بھی گنوا دیا تو پھر ساری زندگی پچھتائیں گے۔


تبصرہ