ڈاکٹر طاہرالقادری ملک میں 35 صوبے بنا کر حقیقی جمہوریت کا قیام چاہتے ہیں۔ انصار ملک
یوم شہداء پر پوری پاکستانی قوم کی نمائندگی ہوگی
ہم پر امن تھے، پر امن ہیں اور پر امن رہیں گے۔ کسی نے امن کو سبوتاژ کیا تو نتائج
کے خود ذمہ دار ہوں گے
پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری انصار ملک نے کہا ہے کہ یوم شہداء پر پوری قوم کی نمائندگی ہوگی۔ ہم پر امن تھے، پر امن ہیں اور پر امن رہیں گے، اگر کسی نے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی تو نتائج کے خود ذمہ دار ہوں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری ملک میں 35 صوبے بنا کر حقیقی جمہوریت کا قیام چاہتے ہیں۔ انقلاب ہی ملک کے مسائل کا حل ہے، موجودہ نظام میں ووٹ کے ذریعے تبدیلی نہیں آ سکتی۔ موجودہ کرپٹ نظام کے تحت ووٹ کے ذریعے بہت تجربے کر لئے۔ اب ملک مزید تجربات کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یوم شہداء کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران لٹیرے اور نااہل ہیں، یہ دکان سمجھ کر چلا رہے ہیں، غریب عوام کے مسائل حل کرنا ان کا مقصد نہیں ہے۔ عوام کی بڑی تعداد ڈاکٹر طاہرالقادری کی کال کی منتظر ہے۔ انقلاب کی کال پر ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں لوگ اپنے حقوق کے لئے نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس دن ڈاکٹر طاہرالقادری انقلاب کی کال دیں گے، کروڑوں عوام سڑکوں پہ ہوں گے اور آئین اور قانون کے مطابق عوام دشمن حکمرانوں کا تختہ الٹ دیں گے۔ حکمران جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء ماڈل ٹاؤن کا خون اس انقلاب کی آبیاری کرے گا اور شہداء کے خون سے انقلاب آئے گا۔ انقلاب اب سالوں، مہینوں یا دنوں کی بات نہیں انقلاب اب گھنٹوں کی بات ہے۔ یوم انقلاب کے موقع پر پورے ملک کے غریب اور پسے ہوئے طبقات مرد، خواتین، بچے، بوڑھے، جوان، طلبہ، تاجر، مزدور، کسان، وکلاء، ڈاکٹرز، انجینئرز الغرض ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے عوام و خواص انقلاب کے دن گھروں سے نکل کر 18 کروڑ غریب عوام کو غربت اور استحصالی سامراجی نظام کے شکنجے سے نجات دلانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکمران عوام کو بنیادی سہولیات دینے میں ناکام ہو چکے ہیں اس لئے ریاست اور عوام کے درمیان ہونے والا عمرانی معاہدہ ختم ہوچکا ہے۔ حکمرانوں کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ اب واپسی نہیں ہوگی، کوئی معاہدہ نہیں ہوگا، صرف انقلاب آئے گا۔ غریب عوام اپنے حقوق حکمرانوں سے چھین لیں گے۔ جعلی ووٹوں کے ذریعے منتخب ہونے والی حکومت حق حکمرانی کھو چکی ہے۔ ملک کو پولیس اسٹیٹ بنانے والوں کا محاسبہ کیا جائے گا۔ انقلاب کے بعد سانحہ ماڈل ٹاؤن کے تمام ذمہ داران کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزائیں دی جائیں گی۔


تبصرہ