قصور: موجودہ کرپٹ نظام نے خاندانی بادشاہت، ناانصافی اور بے روزگاری کو فروغ دیا ہے۔ ڈاکٹر یوسف آرائیں
قصور: حکمران اپنا قبلہ درست کر لیں ورنہ حکمران عوامی غیض وغضب سے نہیں بچ سکیں گے۔ موجودہ جعلی جمہوریت نے خاندانی بادشاہت، پروٹوکول، ناانصافی، بے روزگاری اور دہشت گردی کو فروغ دیا۔ اب قوم اپنے حقوق کے حصول کے لیے انقلابی لیڈر ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں متحد ہو گئی ہے۔یوم انقلاب کا آغاز 10اگست یوم شہدا ماڈل ٹائون سے ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر یوسف آرائیں ضلعی صدر پاکستان عوامی تحریک قصور نے عید ملن پارٹی پریس کلب قصور میں کیا۔ اس موقع پر مجلس وحد ت المسلمین، مسلم لیگ (ق)، سنی تحریک، متحدہ سنی کونسل کے عہدیداران پیر محمدعلی شاہ تحصیل صدر ٹی ایم کیو، نذر محمود قادری تحصیل صدر پی اے ٹی، جاوید اسحاق جنرل سیکرٹری پی اے ٹی، مہر محمد عمران نائب صدر پی اے ٹی اور دیگر نے خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ شریف برادران ریاستی دہشت گردی کا استعمال چھوڑ دیں۔ قوم اب اپنے حقوق چھین لے گی۔ شعور بیدار ہو چکا ہے اور حکمران اپنے آپ کو مزید مصیبت میں نہ ڈالیں۔ جعلی اور فرضی جمہوریت کی بجائے اصلی جمہوریت کا آغاز ہوگا۔ عام شہری اقتدار میں شامل ہوگا۔ عوامی حقوق کے حصول میں افراتفری نہیں پھیلے گی۔ حقوق کا حصول غریب، امیر میں برابری کی بنیاد پر ہوگا۔ اللہ تعالیٰ کا نظام چلے گا۔ انصاف سب کے لیے برابر ہوگا۔ غریب اور امیر میں فرق مٹا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ شریف برادران اپنی عزت بچا لیں۔ کرپٹ نظام اور دھاندلی والے الیکشن کو تحفظ نہ دیں۔ اداروں کو عوام کے خلاف استعمال کرکے حکمران اپنے آپ کو نقصان سے بچا لیں۔ اپنی زبان کو اخلاقی قدروں کے تابع کریں۔ انقلابی لیڈر طاہرالقادری نڈر، بے باک اور جرت مند قیادت ہے، وہ نہ بکے گا اور نہ جھکے گا۔ اب اقتدار عام پاکستانی عوام کو ملنے والا ہے۔ حکمران طبقہ اور عوام میں طبقاتی فرق ختم کیا جائے گا۔ جعلی الیکشن کے ذریعے بننے والی اسمبلی ناکارہ، ربڑ اسٹیمپ اور مردہ ضمیر ہے۔ اب اصلی پارلیمان بنیں گے اور حقوق عوام کو دیں گے۔ عوام کرپٹ نظام کو پاکستان سے اکھاڑ پھینکیں گے۔


تبصرہ