انقلاب کے خلاف سازشیں ناکام بنا دیں گے۔ ابرار رضا ایڈووکیٹ
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ فاروق
بٹ
عوامی انقلاب کونسلز کا قیام آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، قوم جلد انقلاب کی نوید
سنے گی
پاکستان عوامی تحریک کے رہنما ابرار رضا ایڈووکیٹ، فاروق بٹ، عرفان طاہر نے عوامی انقلاب کونسل کے سربراہان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی انقلاب کونسلز کے ذمہ داران پوری جانفشانی کے ساتھ عوام رابطہ مہم جاری رکھیں اور قائد انقلاب کے پیغام کوگھر گھر پہنچانے میں کسی قسم کی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کریں، قوم جلد انقلاب کی نوید سنے گی۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے خون کا بدلہ خون لیں گے۔ انقلاب کے خلاف سازشیں ناکام بناتے ہوئے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ ظالم حکمرانوں نے پاکستان کو بھی فلسطین اور کشمیر بنا دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی انقلاب کونسلز کے سربراہان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرانصار ملک، احسان اللہ ایڈووکیٹ، احمد یار ایڈووکیٹ، طالب حسین سہروردی، سفیان صابر، عثمان بٹ، محبوب الہی، سہیل اعجاز، ایاز صابر اور دیگر بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ قاتل حکمران سانحہ ماڈل ٹاؤن پر ہمارے خلاف ہی سازشیں کر رہے ہیں، جس میں وہ ہرگز کامیاب نہیں ہوں گے۔ حکمران اپنے عبرت ناک انجام سے اس طرح کے حربوں سے نہیں بچ سکیں گے کیونکہ تاریخ گواہ ہے کہ قارون، فرعون، شداد اور یزید بھی اپنے وقت کے ظالم اور بڑے مکار حکمران تھے۔ لیکن ان کا انجام بھی دنیا نے دیکھا ہے۔ ابرار رضا ایڈووکیٹ نے کہا کہ قاتل یہ سمجھ رہے ہیں کہ وقت کے ساتھ سانحہ ماڈل ٹاؤن کو بھلایا جا سکتا ہے تو یہ انکی بھول ہے۔ جب تک اصل قاتلوں کو کیفرکردار تک نہ پہنچایا گیا پیچھا نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ لاشوں کی سیاست موجودہ ظالم حکمرانوں نے کی ہے اور پاکستان عوامی تحریک کے پرامن اور نہتے کارکنوں پر خون کی ہولی کھیل کر اپنی سفاکی کا مظاہرہ کیا ہے۔ قاتل حکمرانوں نے فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں کا تحفظ کرنے کی بجائے سانحہ ماڈل ٹاؤن برپا کر کے پاکستان کو فلسطین اور کشمیر بنا دیا۔


تبصرہ