ملک کو اس وقت ڈاکٹر طاہرالقادری جیسے باصلاحیت لیڈر کی ضرورت ہے۔ ملک افضل
ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں عوام اور کارکنوں کی طاقت سے انقلاب ایک حقیقت بن چکا ہے
پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی صدر ملک افضل نے کہا ہے کہ ملک کو اس وقت ڈاکٹر طاہرالقادری جیسے باصلاحیت لیڈر کی ضرورت ہے جو ملکی و بین الاقوامی امور پر گہری نظر رکھنے کے ساتھ ساتھ ان کے حل کی صلاحیت بھی رکھتا ہو۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں عوام اور کارکنوں کی طاقت سے انقلاب ایک حقیقت بن چکا ہے۔ نواز شریف کو ملکی صورت حال پر مناظرے کا چیلنج کرنا ڈاکٹر طاہرالقادری کی سچائی اور ان کی علمی صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ نواز شریف اگر ملک و قوم کے لئے مخلص ہیں یا ان کے پاس حکومت چلانے کا کوئی واضح پلان ہے تو مناظرے میں ڈاکٹر طاہرالقادری کا سامنا کر کے ثابت کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی تحریک کی عوامی انقلاب کونسلز کے قیام کے سلسلے میں پی پی 10 اور پی پی 11 کے دورے کے موقع پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ملک طاہر جاوید، اخلاق جلالی، غلام علی خان، ملک ناصر، مقصود عباسی، ملک مظہر ایڈووکیٹ، دلدار خان اور دیگر بھی موجود تھے۔
ملک افضل نے کہا کہ آج ملک میں جمہوریت کی بجائے بادشاہت قائم کی جا رہی ہے، کروڑوں غریبوں کے حقوق کیلئے منصوبہ بندی نہیں کی گئی، عوام کی عزت، جان و مال عدم تحفظ کا شکار ہیں، کروڑوں عوام بنیادی ضروریات زندگی سے محروم ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری پر الزام تراشی کرنے والے ن لیگ کے خیر خواہ اپنے لیڈر نواز شریف کو بھی سمجھائیں کہ اپنی اہلیت، صلاحیت اور قابلیت سے ثابت کریں کہ ملک میں آئین کی بالادستی، حقیقی جمہوریت ہے یا کرپشن اور لاقانونیت کا راج ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے دعویدار عوام کی ووٹوں سے نہیں بلکہ غیر ملکی طاقتوں سے بر سراقتدار آئے۔


تبصرہ