فلسطین میں اسرائیلی بربریت اقوام متحدہ اور او آئی سی کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ تہمینہ قیوم
عوامی انقلاب کونسلز کے قیام کے سلسلے میں شعبہ خواتین نے اپنے کام کا آغاز کر دیا ہے
ڈاکٹر طاہرالقادری بہت جلد انقلاب کی کال دینے والے ہیں

پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ راولپنڈی کی رہنما تہمینہ قیوم نے کہا ہے کہ عالمی ادارے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ معصوم فلسطینی اسرائیل کی بربریت کا نشانہ بن رہے ہیں۔ مغربی طاقتیں بے حس اور اسلامی دنیا خاموش ہے۔ امت مسلمہ کے کردار پر حیرت ہو رہی ہے کہ فلسطینیوں پر ظلم کے خلاف کسی اسلامی ملک نے آواز نہیں اٹھائی۔ فلسطین میں اسرائیلی بربریت اقوام متحدہ اور او آئی سی کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اقوام متحدہ اور او آئی سی مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔ مظلوم مسلمان فلسطینیوں پر ٹینک، میزائل، توپیں اور گولہ بارود برسایا جا رہا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ معصوم بچوں اور خواتین کے حقوق کو روندا جا رہا ہے۔ انسانی حقوق کی بات کرنے والے یورپین ممالک اور امن قائم کرنے والی تنظیمیں کہاں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویمن لیگ راولپنڈی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گل رعنا، عائشہ ندیم، سامعہ احمد، رابعہ علی خان کے علاوہ دیگر عہدیداران بھی موجود تھیں۔
انہوں نے کہا کہ چور دروازے سے اقتدار میں آنے والے پاکستانی حکمرانوں میں اتنی جرات نہیں کہ وہ فلسطین کے مظالم روکنے کے لئے آواز اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک مطالبہ کرتی ہے کہ فلسطین کے بارڈر پر عالمی افواج کو تعینات کیا جائے۔ پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ اسرائیلی بربریت کے خلاف معصوم فلسطینیوں کے ساتھ ہے۔ اسرائیلی بربریت کو روکنے کیلئے عالمی برادری اور اقوام متحدہ عملی کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں عوامی انقلاب کونسلز کے قیام کے سلسلے میں شعبہ خواتین نے اپنے کام کا آغاز کر دیا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری بہت جلد کرپٹ نظام کی تبدیلی کے لئے انقلاب کی کال دینے والے ہیں۔ خواتین انقلاب کے لئے ہراول دستے کا کردار ادا کریں گی۔


تبصرہ