حکمران الٹے لٹک بھی جائیں تو انہیں ڈاکٹر طاہرالقادری کے خلاف بنائے گئے مالی بے ضابطگی کے کیس میں شکست فاش ہو گی۔ عمر ریاض عباسی
انقلاب کے بعد حکمرانوں کی لوٹ مار کی کمائی سے بنائے ہوئے رائیونڈ
محل کا بھی حساب دینا ہو گا
کرپشن کی پیداوار حکمران جلد اپنے انجام بد کو پہنچنے والے ہیں
پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمر ریاض عباسی نے کہا ہے کہ اگر حکمران الٹے لٹک بھی جائیں تو انہیں ڈاکٹر طاہرالقادری کے بارے میں مالی بے ضابطگی کے کیس میں سوائے شرمندگی کے اور کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ 1990 میں بھی حکمرانوں نے عوامی تحریک پر 30 کیسز بنا کر تحقیقات کرنے کا شوق پورا کیا تھا مگر انہیں منہ کی کھانا پڑی تھی۔ انقلاب کے بعد حکمرانوں کی لوٹ مار کی کمائی سے بنائے ہوئے رائیونڈ محل کا بھی حساب دینا ہو گا۔ حکمران جلد اپنے انجام بد کو پہنچنے والے ہیں کیونکہ یہ کرپشن کی پیداوار ہیں۔ حکمرانوں نے پوری دنیا میں منی لانڈرنگ کے ذریعے بزنس ایمپائر بنا رکھی ہے۔ ان کے خون کا ایک ایک قطرہ عوام کا خون چوس کے بنا ہے۔ وہ گزشتہ روز اسلام آباد میڈیا سیل میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرطاہرالقادری نے آج تک اپنی لکھی ہوئی کتابوں پر ملنے والی جائز رائلٹی بھی کبھی نہیں لی اور نہ ہی آئندہ لیں گے، انہوں نے اس آمدن کو اپنے اور اپنے گھرانے کے لئے حرام کیا ہوا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کا دامن صاف ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان مصطفوی انقلاب کے لیے جان و مال کی بازی لگانے کے لیے تیار ہیں۔


تبصرہ