سانحہ ماڈل ٹاؤن شہباز شریف، پنجاب حکومت اور ن لیگ کی فرعونیت اور تکبر کی بدترین مثال ہے۔ عمر ریاض عباسی
عوام تیار رہیں، مشاورتی عمل چند روز میں مکمل ہو جائے گا اور انقلاب
کے آخری مرحلے کا اعلان کر دیا جائے گا
تحفظ پاکستان آرڈیننس سیاسی مخالفین سے انتقام لینے کے لئے لایا گیا ہے، مصطفی خان
پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمر ریاض عباسی، عوامی تحریک اسلام آباد کے رہنما مصطفی خان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اللہ کی مدد و نصرت اور عوام کی طاقت سے آئینی اور جمہوری انقلاب چند ہفتوں میں آنے والا ہے۔ قائد پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری چند روز میں کارکنان سے مشاورت مکمل ہونے کے بعد انقلاب کی تاریخ اور طریقہ کار کا اعلان کر دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان عوامی تحریک وہ واحد جماعت ہے جس میں یونین کونسل کے عہدیداران و کارکنان کے ساتھ بھی مشاورت کی جاتی ہے، مشاورت کا یہ سلسلہ جاری ہے ڈاکٹر طاہرالقادری روزانہ ہر ڈویژن کے عہدیداران و کارکنان سے وسیع مشاورت کر رہے ہیں۔ عوام تیار رہیں، یہ عمل چند روز میں مکمل ہو جائے گا اور انقلاب کے آخری مرحلے کا اعلان کر دیا جائے گا۔
اسلام آباد میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز عوامی تحریک راولپنڈی ڈویژن کے اجلاس میں شرکت کے لئے لاہور روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ایک سال قبل بتا دیا تھا کہ آنے والی حکومت عوام سے پرامن احتجاج کا حق بھی چھین لے گی۔ تحفظ پاکستان آرڈیننس بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ تحفظ پاکستان آرڈیننس سیاسی مخالفین سے انتقام لینے کے لئے لایا گیا ہے۔ دھاندلی زدہ حکومت آئینی، اخلاقی، جمہوری اور شرعی طور پر حق حکمرانی کھو چکی ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں کوئی پیش رفت نہ ہونا شہباز شریف سمیت پنجاب حکومت اور ن لیگ کی فرعونیت اور تکبر کی بدترین مثال ہے۔ انقلاب کے بعد شہداء کا قصاص نوازشریف، شہباز اور رانا ثناء اللہ اور دیگر سے لیا جائے گا۔


تبصرہ