ڈاکٹر طاہرالقادری غریب عوام کو ان کے حقوق دلانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ سردار منصور خان
انقلاب دھرتی کامقدر بن چکا ہے، انقلاب کرپٹ حکمرانوں کو ان کے
انجام تک پہنچا کر اقتدار عوام کے سپرد کرنے کا نام ہے
پاکستان عوامی تحریک چار حلقوں یا الیکشن کمیشن کی تبدیلی نہیں، بلکہ پورا نظام تبدیل
کر کے عوام کی حکمرانی قائم کرنا چاہتی ہے
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار منصور خان نے کہا ہے کہ انقلاب دھرتی کا مقدر بن چکا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری غریب عوام کو ان کے حقوق دلانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ قوم کو قائداعظم کا حقیقی پاکستان دینا چاہتے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک چار حلقوں یا الیکشن کمیشن کی تبدیلی نہیں بلکہ پورا نظام تبدیل کر کے عوام کی حکمرانی قائم کرنا چاہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی تحریک اسلام آباد میڈیا سیل میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مصطفی خان، غلام علی خان، اختر راجہ، قاری منہاس، مبشر رندھاوا بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب کے نام پر مذاق کرنے والے بہت جلد جان جائیں گے کہ انقلاب کس چیز کا نام ہے۔ انقلا ب کرپٹ حکمرانوں کو ان کے انجام تک پہنچا کر اقتدار عوام کے سپرد کرنے کا نام ہے، جبکہ سونامی تباہی کا باعث بنتا ہے، قوم کو سوچنا ہوگا کہ کس کا ساتھ دے۔ جو لیڈر باصلاحیت ہے، جو ڈلیور کرنے اور عوام کو شعور دے کر پوری قوم کو ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت رکھتا ہے عوام اس کا ساتھ دیں۔ جو لیڈر انقلاب سے پیچھے ہٹ جائے یا اپنے کئے ہوئے اعلان سے پیچھے ہٹ جائے عوام اس کو مسترد کر دیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کی قربانیوں کے بعد پوری قوم کو انقلاب کے لئے نکلنا ہوگا۔ اگر اب بھی قوم نہ نکلی تو پھر وہی کرپٹ حکمران، وہی ظلم کا نظام، وہی موروثی سیاست، وہی مہنگائی، وہی جاگیردارانہ سسٹم، وہی ناانصافی قوم کا مقدر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے قائدین یک زبان ہو کر اس نام نہاد جمہوری نظام کو بچانا چاہتے ہیں، مگر صرف ایک واحد لیڈر ڈاکٹر طاہرالقادری ہیں جو اس پورے نظام کو تبدیل کرنے کے لئے میدان عمل میں ہیں۔ قوم اگر ظالمانہ اور استحصالی نظام سے نجات چاہتی ہے تو مصطفوی انقلاب کے لشکر میں شامل ہو کر ڈاکٹر طاہرالقادری کا ساتھ دے۔ انہوں نے مسلم لیگ (ق)، مجلس وحدت مسلمین اور سنی اتحاد کونسل کے علاوہ دیگر جماعتوں اور قائدین سے بھی رابطے کیے۔ جو جلد انقلاب کے لئے پاکستان عوامی تحریک کے جھنڈے تلے جمع ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب قصاص کی صورت میں لیا جائے گا۔ قاتل اعلی کے ہوتے ہوئے انصاف نہیں ہو سکتا، چیف سیکرٹری، ہوم سیکرٹری اور پورا نظام ان کے زیر اثر ہے، پوری چین آف آپریشن بھی اسی طرح بحال ہے۔ ان سب کے ہوتے ہوئے انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ واحد راستہ عوامی جمہوری انقلاب ہے جس کے ذریعے ہی کرپٹ اور ظالم حکمرانوں سے حساب لیا جائے گا۔


تبصرہ