انقلاب کے بعد پاکستان میں دہشت گردی، انتہا پسندی اور شدت پسندی کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔ پیر حبیب الرحمن سیفی
کرپشن کا خاتمہ کر کے دم لیں گے، ملک بچانے کے لئے ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے

پاکستان عوامی تحریک راولپنڈی کے ضلعی رہنما پیر حبیب الرحمن سیفی نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کا انقلاب عوام کو حقوق دلانے کیلئے ہے۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی نے پاکستان کو شدید ترین نقصان پہنچایا ہے۔ انقلاب کے بعد پاکستان میں انتہا پسندی، شدت پسندی اور دہشت گردی کا کلیتاً خاتمہ کر دیا جائے گا۔ 20 کروڑ عوام کو حقوق دلانے کیلئے انقلاب کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ یوم انقلاب کی کال کے بعد عوام گھروں سے نکل کر ڈاکٹر طاہرالقادری کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی تحریک کے ضلعی ہیڈ کوارٹر میں افطار پارٹی کے موقع پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ملک افضل، اخلاق جلالی، غلام علی خان، ملک طاہر جاوید، کامران اختر صدیقی، نعیم سلطان کیانی، ملک ناصر محمود، مقصود عباسی، امجد عباسی اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک سنوارنے کی بجائے لوٹا ہے اور کرپشن کے بازار گرم کیے ہیں۔ عوام کی دولت کو اپنی جاگیر سمجھ کر اپنی تجوریاں بھری ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری ملک سے کرپشن کا خاتمہ چاہتے ہیں اور ملک میں آئین کی حقیقی بحالی اور جمہوریت کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بناتے وقت بھی ہمارے آباؤ اجداد نے لازوال قربانیاں دیں۔ آج پاکستان بچانے کا وقت ہے، پاکستان بچانے کے لئے بھی قربانیاں دینا ہو گی، ملک بچانے کے لئے ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انقلاب قربانی کے بغیر نہیں آتے۔ آج ڈاکٹر طاہرالقادری نے قوم کا شعور اجاگر کر دیا ہے کہ قربانی کے بغیر کسی بھی منزل کو پایا نہیں جا سکتا۔ جس کے لئے ہمیں وقت، جان اور مال کی قربانی دینا ہوگی، جس کے باعث ملک میں انقلاب آئے گا۔


تبصرہ