مصطفوی انقلاب کے حصول کے لئے نوجوان کلیدی کردار ادا کریں گے۔ سفیان صابر
ڈاکٹر طاہرالقادری نوجوانوں کو اعتماد دے کر ملکی ترقی کے سفر میں
شامل کریں گے
انقلاب کے راستے میں ہر رکاوٹ کے آگے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں گے
پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ اسلام آباد سٹی کے صدر سفیان صابر اور فیڈرل ایریا اسلام آباد کے صدر شیخ اقبال نے کہا ہے کہ مصطفوی انقلاب کے حصول کے لئے نوجوان کلیدی کردار ادا کریں گے، نوجوان اس ملک کا سرمایہ ہیں اور ڈاکٹر طاہرالقادری نے نوجوانوں سے بہت امیدیں وابستہ کر رکھی ہیں۔ انقلاب کے بعد نوجوانوں کو اہم ذمہ داریاں دی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی انقلاب کونسلز کے قیام کے سلسلے میں عوامی تحریک یوتھ ونگ، منہاج القرآن یوتھ ونگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مشترکہ اہم اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں نے ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نوجوانوں کو اعتماد دے کر ملکی ترقی کے سفر میں شامل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے، ہر فرد کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی پڑے گی۔ عوامی تحریک یوتھ ونگ کے کارکن مصطفوی انقلاب کے پیغام کو ہر گھر میں ہر فرد تک پہنچائیں گے، جس کے لئے مکمل مشاورت کے بعد لائحہ عمل طے کر لیا گیا ہے۔ انقلاب کی کال آنے تک یوتھ ونگ اور ایم ایس ایم کے جوان اپنے اوپر نیند حرام کر دیں۔ بہت جلد ملک کے غریبوں کا مقدر بدلنے والا ہے۔ عوامی تحریک، منہاج القرآن یوتھ ونگ اور ایم ایس ایم کے نوجوانوں نے اپنے قائد سے عہد کیا کہ انقلاب کے راستے میں ہر رکاوٹ کے آگے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں گے۔


تبصرہ