اسلام آباد: عوامی تحریک اپنے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں سیاسی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کوشاں ہے۔ تہمینہ قیوم
پاکستان عوامی تحریک شعبہ خواتین راولپنڈی کی صدر تہمینہ قیوم نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ’’ آپریشن ضرب عضب‘‘ جہاد عظیم ہے۔ پاک فوج کے جوان پوری ذمہ داری، دلیری اور قومی جذبے کے ساتھ دہشت گردوں کا صفایا کررہے ہیں۔ دوسری جانب عوامی تحریک اپنے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں سیاسی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کوشاں ہے۔ بہت جلد انقلاب کی فائنل کال آئے گی اور کرپٹ حکمرانوں اور ان کے نام نہاد جمہوری نظام کا خاتمہ کرکے ملک کو حقیقی اسلامی، فلاحی ریاست بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ عوامی تحریک پاک فوج اور آئی ڈی پیز کو اکیلا نہیں چھوڑے گی۔ پاکستان عوامی تحریک نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی موجودگی میں ’’آپریشن ضرب عضب‘‘ سے متاثر ہونے والے آئی ڈی پیز کے لئے 14 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان کا قافلہ روانہ کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی تحریک شعبہ خواتین اور منہاج القرآن ویمن لیگ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گل رعنا، عائشہ ندیم، عابدہ حریم، رابعہ علی خان اور دیگر موجود تھیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی انقلاب کونسلز کے قیام میں خواتین بھی پیش پیش ہیں، عوامی انقلاب کونسلز میں خواتین کو بھی ذمہ داریاں دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ حلقے آپریشن کے دوران مذاکرات کی بات کررہے ہیں پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری کے نزدیک آپریشن کے دوران مذاکرات کی بات کرنا آپریشن ضرب عضب کے خلاف سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک ملک میں قیام امن کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کردے گی۔


تبصرہ