عوامی تحریک کے کارکن رمضان المبارک میں عوام رابطہ مہم کو مذید فعال بنائیں، ملک افضل
عوامی انقلاب کے بعد سانحہ ماڈل ٹاؤن لاہور کے شہداء کا قصاص لیں
گے
حکمرانوں کے اقتدار کا سورج عنقریب غروب ہونے والا ہے
ملک میں آئین، قانون اور جمہوریت کے نام پر آمریت قائم ہے
پاکستان عوامی تحریک راولپنڈی کے صدر ملک افضل نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے کارکن رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام رابطہ مہم کو مذید فعال بنا کر انقلاب کے پیغام کو جلد عوام تک پہنچانے کے لئے کام کی رفتار کو ہنگامی بنیادوں پر کیا جائے۔ پاکستان رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں معرض وجود آیا تھا۔ ہمیں اس مبارک مہینے میں غریب عوام کے حقوق کے لئے اپنے وقت کی قربانی دینا پڑے گی۔ کیونکہ انقلاب اب زیادہ دور نہیں ہے، بہت جلد آمریت زدہ حکمرانوں کے خاتمے کا اعلان ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 23 جون کو راولپنڈی، اسلام آباد میں بڑی تعداد میں کارکنوں کی گرفتاری تشدد اور 53 کارکنوں پر دہشت گردی جیسے مقدمات بلاجواز اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ملک میں آئین، قانون اور جمہوریت کے نام پر آمریت قائم ہے۔ 23 جون کو راولپنڈی میں عوامی تحریک کے گرفتار کارکنوں کے ساتھ جنگی قیدیوں جیسا سلوک آئین کی دھجیاں بکھیرنے کے مترادف ہے۔ حکمران ہٹلر سے بدترین کردار کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ وہ گزشتہ روز عوامی تحریک پنجاب کے اجلاس میں شرکت کے بعد واپسی پر عہدیداران و کارکنان سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ملک طاہر جاوید، اخلاق جلالی، علامہ حیدر علوی، کامران صدیقی، پیر حبیب الرحمن سیفی، راجہ پرویز حشمت، راجہ رزاقق، ملک ناصر اور دیگر بھی موجودتھے۔
انہوں نے کہا کہ گرفتار شدہ 53 کارکنوں کے 10 روزہ رپولیس ریمانڈ کے بعد مزید 14 دن کا جوڈیشل ریمانڈ بدترین آمرانہ روش ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے ظلم و بربریت نے چنگیزیت کی یاد تازہ کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے حکمرانوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایسی بزدلانہ اور غیر انسانی اقدامات سے باز آ جائیں کیونکہ ان کے اقتدار کے دن گنے جا چکے ہیں۔ وہ اتنا ظلم کریں جتنا برداشت کر سکیں۔ ملک افضل نے کہا کہ عوامی انقلاب کے بعد سانحہ ماڈل ٹاؤن لاہور کے شہداء کا بدلہ عوام لیں گے۔ انقلاب کے بعد سب سے پہلے شہداء کا قصاص لیا جائے گا۔ موجودہ حکمرانوں کے اقدامات گواہی دے رہے ہیں کہ ان کے اقتدار کا سورج عنقریب غروب ہونے والا ہے۔


تبصرہ