سیاست کے نام پر غریب سے روٹی کا نوالہ، پانی، بجلی،گیس اور انسانی حقوق چھین لینا بھی دہشت گردی ہے۔ ملک طاہر جاوید
مذہبی اور سیاسی دہشت گردی کا کلیتاً خاتمہ کر کے ملک کو امن کا
گہوارہ بنایا جائے گا۔ ملک طاہر جاوید
بہت جلد انقلاب آئے گا اور کرپٹ نظام کا بستر گول کیا جائے گا
پاکستان عوامی تحریک راولپنڈی کے چیف آرگنائزر ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ سیاست کے نام پر غریب سے روٹی کا نوالہ، پانی، بجلی، گیس اور انسانی حقوق چھین لینا بھی دہشت گردی ہے۔ آج دو قسم کی دہشتگردی ہو رہی ہے ایک دہشتگردی وہ جو مذہب کے نام پر کی جاتی ہے اور معصوم لوگوں کی جان لے لی جاتی ہے اور ایک دہشت گردی وہ ہے جو سیاست کے نام پر کی جا رہی ہے جس میں غریب معاشرے کے حقوق اور روٹی کا لقمہ تک چھین لیے گئے ہیں۔ پاک فوج شمالی وزیرستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے برسرپیکار ہے، دوسری جانب پاکستان عوامی تحریک سیاسی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پوری طرح میدان میں آ چکی ہے اور بہت جلد مذہبی اور سیاسی دہشت گردی کا کلیتاً خاتمہ کر کے ملک کو امن کا گہوارہ بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی انقلاب کونسلز کے قیام کے سلسلے میں مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پراخلاق جلالی، غلام علی خان، علامہ حیدر علوی، کامران اختر صدیقی، پیر حبیب الرحمن سیفی، راجہ پرویز حشمت، مقصود عباسی، امجد عباسی اور دیگر بھی موجودتھے۔
انہوں نے کہا کہ عنقریب انقلاب آئے گا اور کرپٹ نظام کا بستر گول کر دیا جائے گا۔ مذہب کے نام پر کی جانیوالی دہشتگردی تو ہے ہی لائق مذمت اور لائق لعنت مگر اس سے بڑی دہشت گردی وہ ہے جو سیاست کے نام پر حکمران کر رہے ہیں۔ اس کے خاتمے کے بغیر ملک میں امن کا قیام ممکن نہیں ہے۔ غریبوں کے حقوق پر ڈاکے ڈال کر اپنے کاروبار کو چمکایا جاتا ہے اور اپنے بنک بیلنس بھرے جاتے ہیں، مگر غریب روٹی کے نوالے، پانی، بجلی، گیس اور بنیادی انسانی حقوق اور عزت کو ترس رہے ہیں۔ تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے معاشرے کی تعمیر و ترقی اور وسائل کی مساویانہ تقسیم کا سبق سکھایا، تاکہ معاشرے میں عدل و انصاف کو رائج کیا جا سکے۔ آج ہمیں وہ حکمران چاہئیں جو معاشرے میں امن، عدل اور انصاف کا نفاذ کر سکیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری ملک کو اسلامی، فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے قوم کو آئین کا شعور دیا۔ پاکستان عوامی تحریک معاشرے میں انصاف، رواداری اور عدل کا نظام قائم کرنا چاہتی ہے۔


تبصرہ