ڈاکٹر طاہرالقادری اپنے ویژن، ایجنڈے اور صلاحیت سے قوم کا مقدر بدل دیں گے۔ غلام علی خان
انقلاب اب چند ہفتوں کی بات ہے، عوام کو بہت جلد ظلم سے نجات دلائیں
گے
ڈاکٹر طاہر القادری کا 10 نکاتی ایجنڈا غریب عوام کے حقوق کی ترجمانی ہے
پاکستان عوامی تحریک کے میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان نے کہا ہے کہ انقلاب اب مہینوں کی نہیں بلکہ چند ہفتوں کی بات ہے۔ بہت جلد عوام کو استحصالی اور غریب کش نظام سے نجات دلا کر دم لیں گے۔ حکمران ڈاکٹر طاہرالقادری کے ویژن، ایجنڈے اور صلاحیت سے خوفزدہ ہو کر ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں۔ ٹی وی چینلز پر آنے والے حکومتی وزراء کی زبانیں ان کا ساتھ نہیں دے رہی ہیں، لڑ کھڑائے ہوئے حکمرانوں کو آخری دھکہ لگانے کے لئے بہت جلد قائد انقلاب عوام کو کال دینے والے ہیں۔ جس دن انقلاب کی کال آئے گی، عوام پاکستان کی بڑی تعداد ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ کھڑی ہوگی، جس کے لئے رمضان المبارک کے مہینے میں عوام رابطہ مہم کو انقلابی بنیادوں پر تیز کیا جا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی صدارت میں ہونے والے عوامی تحریک کے اجلاس سے واپسی پر اسلام آباد میڈیا سیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا 10 نکاتی ایجنڈا غریب عوام کے حقوق کی ترجمانی ہے۔ عوام کے حقوق کی بات کرنے والوں نے آئین کو عملاً معطل کیا ہوا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کے عوامی، فلاحی ایجنڈے کے ساتھ مزید سیاسی جماعتیں بھی متفق ہو رہی ہیں۔ مسلم لیگ قائداعظم، مجلس وحدت مسلمین اور سنی اتحاد کونسل انقلاب کے لئے ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ کھڑی ہیں۔ مزید رابطے بھی کئے جا رہے ہیں، جلد عوام خوشخبری سنیں گے۔ عوام تیار رہیں بہت جلد انقلاب اس دھرتی کا مقدر بننے والا ہے۔ جعلی مینڈیٹ کے حکمرانوں کے جانے کا وقت آگیا ہے۔ ظلم کی ایک حد ہوتی ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے دوران جس طرح ریاستی جبر و بربریت کی گئی، اس کے نتیجے میں حکمران اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں۔


تبصرہ