مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے رہنما عوامی تحریک میں شامل ہو رہے ہیں۔ غلام علی خان
سابق صدر پنجاب پی ٹی آئی ساجد پرویز اور دیگر نے ڈاکٹر طاہرالقادری کے انقلابی ایجنڈے سے متفق ہو کر عوامی تحریک میں شمولیت اختیار کر لی
مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے پاکستان عوامی تحریک کے انقلابی ایجنڈے سے متفق ہو کر اور ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک میں شمولیت اختیار کر لی۔ گزشتہ روز عوامی تحریک کی فیڈرل کونسل کے اجلاس کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے سابق صدر ساجد پرویز، پاکستان تحریک انصاف مانسہرہ کی یو سی سٹی 1 کے صدر قاضی مظہر اور کرنل (ریٹائرڈ) طارق حیدر، فوزیہ عامر سابق صدر تحریک انصاف علامہ اقبال ٹاؤن لاہور، سوشل ورکر طارق حسن اور دیگر نے پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کی اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے انقلابی ایجنڈے سے متفق ہو کر پاکستان عوامی تحریک میں شمولت اختیار کر لی۔ رہنماؤں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہوتے ہوئے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات نہیں ہو سکتیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شفاف تحقیقات کے لئے وزیراعلی پنجاب فوری استعفی دے کر تحقیقات میں شامل ہوں اور قانون کے کٹہرے میں آئیں۔ عوامی تحریک کے میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ یہ بات واضح رہے کہ پاکستان عوامی تحریک انقلابی ایجنڈے اور ڈاکٹر طاہرالقادری کی ولولہ انگیز قیادت سے متاثر ہو کر ملک بھر سے سیاسی و سماجی کارکنان و عہدیداران عوامی تحریک میں جوق در جوق شامل ہو رہے ہیں۔


تبصرہ