فیصل آباد: نااہل حکمران جان لیں کہ انہیں تحفظ دینے والا نظام خشک تنکوں کی طرح بہہ جائے گا۔ میاں کاشف محمود
تحریک منہاج القرآن کے ضلعی ناظم میاں کاشف محمود نے کہا ہے کہ سفر انقلاب زندگی کے عام سفروں جیسا کبھی نہ تھا نہ ہوگا اور نہ ہو سکتا ہے۔ یہ کاروان انقلاب عام کارواں جیسا ہے نہ اسکی منزل عام منزل جیسی ہے۔ انقلاب کے اس سفر کا آ غاز ہو چکا اب یہ انتہا تک ضرور پہنچے گا۔ سمجھدار لوگ وہی ہوتے ہیں جو اچھی طرح اور پوری تیاری کے ساتھ چلتے ہیں۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی امامت میں نماز انقلاب قائم ہونے والی ہے۔ نااہل حکمران جان لیں کہ اب ان کو تحفظ دینے والا نظام خشک تنکوں کی طرح بہہ جائے گا اور انقلاب کے بعد ملک میں حقیقی جمہوریت کا قیام ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نظامت دعوت کے زیراہتمام تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر محمد عارف صدیقی، خالد محمود رندھاوا، میاں امجد قادری اور ضلعی سیکرٹری اطلاعات غلام محمد قادری بھی موجود تھے۔ میاں کاشف محمودنے کہا کہ آج مخالفت کرنے والے بھی قائد تحریک ڈاکٹر طاہر القادری کو جاننے لگے ہیں اور یہ کہنے پر مجبور ہو چکے ہیں کہ ڈاکٹر طاہر القادری ٹھیک کہتے ہیں۔ ایک کروڑ سے زائد نمازی تیار ہو چکے ہیں۔ مصطفوی انقلاب کی منزل قریب ہے اور ڈاکٹر طاہر القادری کی امامت میں نماز انقلاب قائم ہونے والی ہے۔


تبصرہ