سستے بازار کے نام پر فراڈ ڈرامہ رچایا جا رہا ہے۔ غلام علی خان
دہاڑیاں لگانے کی غرض سے برسراقتدار آنے والے حکمران عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے
ڈاکٹر طاہرالقادری کا دس نکاتی ایجنڈا غریب، متوسط اور سفید پوش گھرانوں کے دل کی آواز ہے
ڈاکٹر طاہرالقادری نچلی سطح پر اقتدار کی منتقلی کر کے اختیارات عوام کو دینا چاہتے ہیں
پاکستان عوامی تحریک کے رہنما میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان نے کہا ہے کہ سستے بازار کے نام پر فراڈ اور ڈرامہ رچایا جا رہا ہے۔ ریلیف کے نام پر قائم کئے جانے والے یہ بازار رسمی کاروائی اور عوام کو بے وقوف بنانے کے لئے لگائے گئے ہیں۔ قیمتوں میں کوئی ریلیف نہیں دیا گیا رسمی کاروائی ہے۔ سستے بازار کا رخ کرنے والے عوام مایوس ہو کر واپس آ جاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک سستے بازار کے دورے کے دوران وہاں پر آئے ہوئے خریداروں کے تاثرات سن کر شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نذیر ہزاروی، مقصودعباسی، شیخ جاوید عالم، حاجی عبدالغفور، ملک عبدالمنان، راجہ آصف، اسامہ احمد بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ ان بازاروں کامقصد اپنے چہیتوں کو ٹھیکے دینا اور کمیشن کھانے کے علاوہ اور کچھ نہیں ہے۔ حکومت غریب عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سمیت دیگر ممالک میں رمضان مبارک کے مقدس مہینے میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں واضح کمی کر دی جاتی ہے، لیکن بد قسمتی سے اسلامی جمہوریہ پاکستان میں اس کے برعکس ہوتا ہے۔ رمضان کے مقدس مہینے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگتی ہیں جو کہ سفید پوش طبقے کی پہنچ سے باہر ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا دس نکاتی ایجنڈا غریب، متوسط اور سفید پوش گھرانوں کے دل کی آواز ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری اس دس نکاتی ایجنڈے کے نفاذ کے لئے بہت جلد عوام کو کال دیں گے اور عوام کے تعاون سے اقتدار عوام کے سپرد کیا جائے گا اور اختیارات کو حقیقی معنوں میں نچلی سطح پر منتقل کر کے عوام کو دیے جائیں گے۔


تبصرہ