شہباز شریف ڈرامہ بند کریں،خود مستعفی ہوں: طاہر القادری
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے رانا ثنا ءاللہ کا استعفیٰ ناکافی اور مضحکہ خیز قرار دیا ہے اور کہاہے کہ شہباز شریف ڈرامہ بند کرکے خود مستعفی ہوں۔ وزیر اعلیٰٰ پنجاب شہباز شریف کی پریس کانفرنس اور رانا ثناءاللہ کے استعفے کے اعلان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے طاہر القادری کاکہنا تھا کہ فیصلہ کرنے والے شہباز شریف اور نواز شریف ہیں اور انہی کے حکم پر ماڈل ٹاؤن میں رانا ثناءاللہ نے اقدام کیا، شہباز شریف کے حکم پر فائرنگ کی گئی۔ پوری ٹیم واقعے کی ذمہ داری قبول کر کے مستعفی ہو، اتنے بڑے واقعہ پر وزیر کا استعفیٰ کافی نہیں ہے۔ رانا ثناءاللہ کوچھٹی پر بھیجا گیا ہے جیسے لوگ ہنی مون پر جاتے ہیں، کچھ دن بعد انہیں بحال کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن پر نواز شریف اور شہباز شریف اثر انداز ہوں گے، رانا ثناءاللہ نہیں۔ وزیر اعلیٰ نے تمام سرکاری بیانوں کو غلط ثابت کر دیا ہے، ہمارے موقف کی تائید ہو گئی، وزیر اعلیٰ نے مان لیا ہے کہ بے گناہوں کا خون ہوا۔ یہ سارے گلو بٹ ہیں اور پنجاب میں گلو بٹوں کی حکومت ہے۔ سپریم کورٹ واقعے کی آزادانہ تحقیقات کرائے، شہیدوں کے خون سے بے وفائی نہیں کر سکتے، انصاف دیا جائے۔
ذرائع: پاکستان پوسٹ آن لائن
تبصرہ