ڈاکٹر طاہرالقادری کی وطن واپسی سے انقلابی تحریک میں نئی جان آ جائے گی۔ غلام علی خان
من پسند منصوبوں کی بجائے راولپنڈی، اسلام آباد کے ہسپتالوں کی حالت زار کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے
پاکستان عوامی تحریک پی پی 11 راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری غلام علی خان نے کہا ہے کہ عوامی فلاحی و ترقیاتی منصوبوں کی بجائے من پسند منصوبوں کے اعلانات کر کے غریب عوام کو بے وقوف بنانے کے دن اب گزر گئے ہیں، عوام اب باشعور ہو چکے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے قوم کو آئین یاد کروا دیا ہے۔ اس لئے اب لوگ ان کے چکروں میں نہیں آئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز خیابان سر سید سیکٹر 2 میں کارنر میٹنگ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر پی پی 11 مقصود عباسی، محسن بھٹی ایڈووکیٹ، راجہ آصف اور دیگر بھی موجود تھے۔
غلام علی خان نے کہا کہ قومی خزانے سے کروڑوں روپے اپنی ذاتی تشہیر کے لیے لگائے جا رہے ہیں۔ میٹرو بس منصوبے کے باعث جڑواں شہروں کی آلودگی میں کئی گناہ اضافہ ہوگیا ہے جو عوام کے مفاد میں نہیں ہیں۔ اس کے بغیر بھی راولپنڈی، اسلام آباد کے شہریوں کی زندگی گزر رہی تھی۔ چاہئے تو یہ تھا کہ راولپنڈی، اسلام آباد کے ہسپتالوں کی حالت زار کو بہتر بنایا جاتا لیکن اسے مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ تعلیمی اداروں کو اپ گریڈ کرنے اور عوام کے بنیادی حقوق پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا 10 نکاتی انقلابی منشور غریب عوام کے مسائل کا حل ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی وطن واپسی سے انقلابی تحریک میں نئی جان آ جائے گی۔ کارکنان عوامی رابطہ مہم کے ذریعے ڈاکٹر طاہرالقادری کے پیغام کو گھر گھر تک پہنچانے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کر رہے ہیں۔


تبصرہ