عوام اب جان چکے ہیں کہ ان کا اصل دشمن کرپٹ نظام اور اس کے محافظ ہیں۔ انصارملک
ڈاکٹر طاہرالقادری کے 10 نکاتی ایجنڈے سے پو ری قوم متفق ہو چکی ہے
پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری انصار ملک نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے انقلابی ریلے کو روکنے کے لئے جتنا مرضی منفی پراپیگنڈا کر لیں پاکستان میں نظام کی تبدیلی کو اب روکنا ممکن نہیں۔ کرپٹ نظام کی تبدیلی اور کرپٹ حکمرانوں کا جانا اب لازم ہو چکا ہے۔ انقلاب عوام کے دلوں میں بس چکا ہے اب صرف قائد انقلاب کے آنے کا انتظار ہے۔ جس دن قائد انقلاب ڈاکٹر طاہرالقادری وطن پہنچیں گے انقلاب اس دن تک آ چکا ہوگا۔ چور، ڈاکو اور دھن، دھونس دھاندلی کے ذریعے بر سراقتدار آنے والے اپنے اقتدار کو بچانے کے لئے جتنا مرضی شور مچا لیں، پاکستان کے غیور عوام اب جان چکے ہیں کہ ان کا اصل دشمن کرپٹ نظام اور اس نظام کے محافظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں رائج نظام صرف سرمایہ داروں، جاگیر داروں اور بھتہ خوروں کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔ اس نظام کو اب خیر باد کہنے کا وقت آگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے انقلاب اور تبدیلی کی بات آج نہیں کی بلکہ ڈاکٹر طاہرالقادری 1980 سے ہی ملک میں حقیقی تبدیلی کی بات کر رہے ہیں۔ آج پوری قوم اب اس بات کو تسلیم کر چکی ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری جو کہتے تھے، ٹھیک کہتے تھے، اور جو کہہ رہے ہیں ٹھیک کہہ رہے ہیں، اور جو کرنے جا رہے ہیں وہ بھی پوری قوم کے لئے ٹھیک ہو گا۔ کرپٹ نظام کی تبدیلی کے بغیر ملک میں حقیقی جمہوریت کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکے گا، نہ ہی امن کا قیام ممکن ہے، اور نہ ہی معیشت کی ترقی ممکن ہے، نہ ہی غریبوں کے حقوق ملنے کی توقع کی جاسکتی ہے۔ اب ملک میں پرامن انقلاب آئے گا۔ غریب کا مقدر بدلنے کے دن آگئے ہیں۔ ایسا نظام آئے گا جس میں غریب کو روٹی، روزی اور چھت کا تحفظ ملے گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کے 10 نکاتی ایجنڈے سے پوری قوم متفق ہو چکی ہے۔ یہی ایجنڈا ہی حقیقت میں کروڑوں غریبوں کے دل کی آواز ہے۔


تبصرہ