کرپٹ اور عوام دشمن نظام کی تبدیلی کا جو عہد کیا، اس کی پاسداری کا وقت قریب آ گیا ہے۔ ابرار رضا ایڈووکیٹ
ملک کے کروڑوں عوام جب نکلیں گے تو لٹیروں سے اقتدار چھین کر اہل، صادق اور امین لوگوں تک پہنچائیں گے
تحریک منہاج القرآن اسلام آباد سٹی کے صدر ابرار رضا ایڈووکیٹ اور ناظم تحریک عرفان احمد طاہر نے کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ ہمیں اس ملک کے غریبوں کے لئے اٹھنا ہوگا، پسے ہوئے طبقات، یتیموں اور مسکینوں کے لئے اٹھنا ہوگا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں لوگ 23 دسمبر کو بھی اٹھے، لانگ مارچ کے وقت بھی نکلے اور اسلام آباد دھرنے میں بھی آئے۔ انہوں نے کہا کہ اب آپ پر ہم سب پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم نے 23 دسمبر کو اس ملک کو بچانے اور کرپٹ عوام دشمن نظام کی تبدیلی کا جو عہد کیا ہمیں اس عہد کی پاسداری کرنی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی ہیڈ کوارٹر میں تحریک منہاج القرآن کے ہنگامی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں تمام سیکٹرز کے صدور، ناظمین اور عہدیداران و کارکنان شریک تھے۔
انہوں نے کہا کہ جنوری میں ڈاکٹر طاہرالقادری نے اذان دی تھی، 11 مئی کو اقامت بھی ہو چکی اور سفر ابھی ختم نہیں ہوا، ابھی جماعت ہونا باقی ہے۔ جس دن جماعت کے قیام کا اعلان ہوگا ان شاء اللہ اس دن سب شیطان بھاگ جائیں گے۔ جب ایک کروڑ نمازی تیار ہو جائیں گے اور وہ اپنا سچا وعدہ پورا کرنے کے لئے سڑکوں پر آ جائیں گے، تو ظلم و استبداد، جبر و بربریت اور گمراہی اور ضلالت کے بادل ہمیشہ ہمیشہ کے لئے چھٹ جائیں گے اور مصطفوی انقلاب کا سویرا طلوع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے 23 دسمبر 2012 لے کر لانگ مارچ اور 11 مئی 2014 تک روایتی سیاست نہیں کی کیونکہ ہم ایسی سیاست پر یقین ہی نہیں رکھتے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے غریب عوام کے حقوق کے لئے جس جدوجہد کا آغاز کیا تھا، اس کے آخری اور فائنل مرحلے کا وقت آگیا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری جب کال دیں گے تو اس ملک کے کروڑوں عوام ان کے ساتھ نکل کر لٹیروں سے اقتدار چھین کر اہل، صادق اور امین لوگوں تک پہنچا ئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مصطفوی انقلاب کے پروانوں وہ دن دور نہیں جب غلبہ دین حق کی منزل تمہیں نصیب ہوگی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اس وقت بتا دیا تھا کہ ہم چھوٹے چھوٹے مسئلوں میں اپنے کارکنوں کو نہیں الجھائیں گے نہ ہی اپنے کارکنان کا وقت ضائع کریں گے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ہم سنار کی ٹھک، ٹھک نہیں بلکہ لوہار کی ایک ہی لگائیں گے۔ اللہ کی مدد و نصرت سے اپنی منزل کو پالیں گے۔ کارکن تیار رہیں آج لوہار کی ضرب لگانے کا وقت قریب ہے۔


تبصرہ