عوامی انقلاب کے خوف سے حکمران حواس باختہ ہو گئے ہیں۔ ملک افضل
دھن، دھونس اور دھاندلی کے کرپٹ تھری ڈی سسٹم کو جمہوریت کہنے والے شرم کریں
ڈاکٹر طاہرالقادری جون کے مہینے میں وطن آکر انقلاب کی فائنل تاریخ کا اعلان کر دیں گے
پاکستان عوامی تحریک راولپنڈی کے صدر ملک افضل نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے قوم کو آئین پاکستان سے اس قدر آگاہی دے دی ہے کہ اب باشعور قوم ان سیاسی مداریوں کے چکر میں نہیں آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار عوامی تحریک راولپنڈی کے ملک طاہر جاوید، کامران اختر صدیقی اور حیدر علوی کے ہمراہ پی پی 9 اور پی پی 10 کے کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائد پاکستان عوامی تحریک رواں ماہ ہی وطن واپس آئیں گے اور اپنے آنے کے فوراً بعد انقلاب کی فائنل تاریخ کااعلان کردیں گے۔ ملک میں اس وقت جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں ہے، جمہوریت کا ڈی ریل ہونے کا واویلا کرنے والے نااہل اور کرپٹ حکمران قوم کو بتائیں کہ جمہوریت کی ٹرین کہاں چل رہی ہے۔ ابھی صرف دو سیاسی جماعتوں نے ڈاکٹر طاہر القادری کے 10 نکاتی ایجنڈے کی حمایت کا اعلان کیا تو حکمرانوں کی حالت غیر ہو گئی ہے۔ جب کروڑوں پاکستانی قائد انقلاب کی قیادت میں نکل آئیں گے اس وقت ان نام نہاد جمہوریت کے علمبرداروں کو دن میں تارے نظر آ جائینگے۔ دھن، دھونس اور دھاندلی کے کرپٹ تھری ڈی سسٹم کو جمہوریت کہنے والے شرم کریں۔ عوام سے مزید دھوکہ اور ملک کو تباہ نہیں ہونے دیں گے۔ لٹیرے حکمرانوں نے جمہوریت کی ریل کا حال بھی ریلوے کی طرح کر دیا ہے۔ عوامی انقلاب کے خوف سے حکمران حواس باختہ ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھن، دھونس دھاندلی کے کرپٹ نظام کو جمہوریت کا لیبل لگا کر قوم کو مزید بے وقوف نہیں بننے دیں گے۔


تبصرہ