جمعیت علمائے پاکستان ضلع راولپنڈی کے سینئر نائب صدر علامہ کامران اختر صدیقی ساتھیوں سمیت عوامی تحریک میں شامل
ضلعی صدر ملک افضل، ملک طاہر، حیدر علوی اور غلام علی خان سے ملاقات میں شمولیت کا اعلان
علامہ کامران صدیقی ایک باصلاحیت، باکردار عالم دین اور منجھے ہوئے سیاسی کارکن ہیں۔ ملک افضل
جمعیت علمائے پاکستان ضلع راولپنڈی کے سینئر نائب صدر علامہ کامران اختر صدیقی ساتھیوں سمیت پاکستان عوامی تحریک میں شامل ہوگئے۔گزشتہ روز علامہ کامران اختر صدیقی نے پاکستان عوامی تحریک راولپنڈی کے صدر ملک محمد افضل، ملک طاہر جاوید، حیدر علوی، علامہ حنیف عباسی اور میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے پاکستان کو اسلامی، فلاحی ریاست بنانے کے ویژن اور ایجنڈے سے مکمل اتفاق رائے کرتے ہوئے اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان عوامی تحریک میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا ایجنڈا ملکی سلامتی، ترقی اور غریب عوام کی خوشحالی کا ایجنڈا ہے۔ آج ڈاکٹر طاہرالقادری ہی وہ واحد لیڈر ہیں جو ملک و قوم کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اس موقع پر ضلعی صدر عوامی تحریک ملک افضل، ملک طاہر جاوید، حیدر علوی، غلام علی خان نے علامہ کامران اختر صدیقی اور ان کے ساتھیوں کو عوامی تحریک میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ علامہ کامران صدیقی ایک باصلاحیت، باکردار عالم دین اور منجھے ہوئے سیاسی کارکن ہیں ان کی پاکستان عوامی تحریک میں شمولیت ہمارے لئے باعث افتخار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ علامہ کامران اختر صدیقی مصطفوی انقلاب اور عنقریب کھڑی ہونے والی جماعت انقلاب کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کردیں گے اور اپنا اثر رسوخ استعمال کر تے ہوئے عوامی تحریک کے کام کو مزید فعال بنائیں گے۔


تبصرہ