انقلاب کی کال کسی وقت بھی آ سکتی ہے جو فرسودہ نظام کا خاتمہ کر دے گی۔ ظفر اقبال طاہر
ڈاکٹر طاہر القادری کا دس نکاتی ایجنڈا عوام اور پاکستان دوست ہے۔ بشارت علی چوہدری
ملک کے فرسودہ نظام اور اسکے محافظوں نے عوام کے حقوق پر شب خون مارا ہے۔ مہنگائی اور بد امنی کا شکار لوگ بچوں سمیت خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ ملک کی ترقی تعلیم، انصاف اور معاشی حالات میں بہتری سے ممکن ہوتی ہے۔ ان تین اشیاء کا پاکستان میں فقدان ہے۔ لوگوں کا انتخابی نظام سے اعتماد اٹھ چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن آزاد کشمیر کے زونل انچارج محمد ظفر اقبال طاہر نے ’’پیغام انقلاب کانفرنس‘‘ کے سینکڑوں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخاب سے قوم کا مقدر کبھی نہیں بدلے گا۔ یہ انتخابی نظام صرف اشرافیہ کے حقوق کا تحفظ کرتا ہے اب پاکستان کو انقلاب کی ضرورت ہے اور یہ انقلاب کی کال کسی بھی وقت آ سکتی ہے، جو اس فرسودہ نظام کا خاتمہ کر دے گی۔
تقریب سے صدر منہاج القرآن میرپور بشارت علی چوہدری نے بھی اظہار خیال کیا اور قوم کیلئے آخری کرن ڈاکٹر طاہر القادری کو قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ 60 شہروں میں بیک وقت لاکھوں کے اجتماعات اس بات کی غماز ہیں کہ لوگ اب انقلاب کیلئے تیار ہو رہے ہیں اور انہوں نے ڈاکٹر طاہرالقادری کے قوم کے افراد کیلئے دس نکاتی ایجنڈا پیش کیا ہے جو علمی، سیاسی و فکری حلقوں کی نظر میں مقبولیت عام حاصل کر رہا ہے۔ انہوں نے کارکنوں کو تاکید کی ہے کہ وہ اپنے کام کی رفتار کو تیز کریں تا کہ مصطفوی انقلاب کا سویرا پاکستان میں طلوع ہو۔ اس پروگرام میں میاں محمد ٹاؤن سے گیس کے حصول کی تحریک کے روح رواں اضوان کرامت، مسعود پراچہ، شہزاد برلاسن، مرزا محمود، شاھد محمد، حاجی اصغر نے بطور خاص شرکت کی ۔ تحریک انصاف کے نعمان عباسی اور کرسچن کمیونٹی کے بیشتر مرد و خواتین نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں ڈاکٹر طاہر القادری کے پیغام کو بھی بذریعہ پروجیکٹر دکھایا گیا۔
پروگرام میں اہل بیت کی توہین کے حوالے سے ٹی وی چینلز کے کردار کے خلاف مذمتی قرار داد پیش کی گئی۔ انقلاب کیلئے سینکڑوں مرد و خواتین شرکاء نے ہاتھ اُٹھا کر اپنے عزم کا اعلان بھی کیا اور مستقبل قریب میں انقلاب کیلئے دی جانے والی کال کا خیر مقدم کرتے ہوئے ساتھ چلنے کا اعلان کیا۔ چوہدری الیاس ملنگی کی دعائیہ تقریب کیساتھ پروگرام کا اختتام کیا گیا۔ اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں ملک ماہر حیات ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر تحریک منہاج القرآن اور منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ میرپور نے اہم کردار ادا کیا۔


تبصرہ