پاکستان کی ازسر نو تعمیر کا وقت آ چکا ہے۔ میر اشتیاق ایڈووکیٹ
35 صوبوں کا قیام ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہوگا
اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی بھی ہماری جماعت کا منشور ہے
ڈاکٹر طاہرالقادری نے آئین کی روح سے ثابت کر دیا ہے کہ اصل جمہوریت کیا ہے
پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد فیڈرل ایریا کے صدر میر اشتیاق ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کی ازسر نو تعمیر کا وقت آ چکا ہے۔ حالات بتا رہے ہیں کہ اب انقلاب زیادہ دور نہیں ہے، 11 مئی کی ریلیوں میں لاکھوں کی تعداد میں عوام نے شرکت کر کے بتا دیا ہے کہ اب قوم زیادہ انتظار نہیں کر سکتی۔ ظلم کی اندھیری رات ڈھلنے والی ہے۔ انتہا ہو چکی ہے۔ اگر موجودہ حکمرانوں کو مزید وقت دیا گیا تو ملک بچانا مشکل ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ترلائی کے علاقے میں عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، ہم انتخابات کے بھی حامی ہیں۔ لیکن ہم اس کرپٹ نظام کے تحت ہونے والے انتخابی دنگل کے خلاف ہیں جس میں دھن، دھونس اور دھاندلی کے ذریعے غریب عوام کو بکریوں کی طرح فقط ووٹ ڈالنے کے لئے لایا جائے اور پھر 5 سال ان کو بھول کر اپنی تجوریاں بھری جائیں۔ ہم اس ظالمانہ نظام کے خلاف ہیں۔ انقلاب کے بعد پورے ملک کے نظام کو درست کر کے شفاف اور غیر جانب دار انتخابات ہی ہوں گے اور انتخابات کے ذریعے ہی حکومت بنے گی۔ وزیراعظم کا براہ راست چناؤ اور 35 صوبوں کا قیام ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی بھی ہماری جماعت کا منشور ہے۔ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ممبران کا کام قانون سازی کرنا ہوگا۔ ان کے ذریعے ترقیاتی کام نہیں ہوں گے۔ بلکہ ترقیاتی کام ضلعی، تحصیلی اور یونین کونسلز کے ذریعے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت غریب عوام کو حقوق دینے کا نام ہے لیکن ہمارے ہاں جمہوریت کو فقط الیکشن کا نام دے دیا گیا ہے۔ عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے اس تاثر کا خاتمہ کر کے آئین کی روح سے بتا دیا ہے کہ اصل جمہوریت کیا ہے۔


تبصرہ