آج قوم فکر اقبال کی حقیقت سے دوری اختیار کر چکی ہے۔ ابرار رضا ایڈووکیٹ

تحریک منہاج القرآن اسلام آباد سٹی کے صدر ابرار رضا ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ آج قوم فکر اقبال کی حقیقت سے دوری اختیار کر چکی ہے۔ ملک میں قیادت کا فقدان ہے جس کے باعث ملک کی کشتی ہچکولے کھا رہی ہے۔ ایسے میں تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری فکر اقبال کے محافظ اور ترجمان بن کر قوم کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ’’اٹھو میری دنیا کے غریبوں کو جگا دو‘‘ ڈاکٹر طاہرالقادری شاعر مشرق علامہ اقبال کے خوابوں کو تکمیل تک پہنچانے کا بیڑا اٹھائے ہوئے ملک کو قائداعظم اور علامہ اقبال کے خوابوں کی تعبیر بنانے کے عزم کے ساتھ ظلم کے نظام سے ٹکرانے کے لئے خود بھی تیار ہیں اور ملک کے کروڑوں غریب عوام کو اس بات کا احساس دلا رہے ہیں اور یہ پیغام دے رہے ہیں کہ اے پاکستانی قوم اگر اپنے مقدر کو بدلنا چاہتے ہو، ملک سے اندھیروں کا خاتمہ چاہتے ہو، ظلم و بربریت کی سیاہ رات کا خاتمہ چاہتے ہو تو آؤ اس کرپٹ اور عوام دشمن نظام کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جاؤ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی ہیڈ کوارٹر کراچی کمپنی میں ’’اقبال اور آج کا پاکستان‘‘ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ناظم عرفان طاہر، رشید عالم، ساجد محمود نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ آج کا پاکستان فکر اقبال سے متصادم دکھائی دیتا ہے۔ کسی کی جان و مال محفوظ نہیں ہے۔ نااہل اور کرپٹ سیاست دان اور کرپٹ نظام نے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کر دیا ہے۔ آج ہمیں چاہئے کہ ملک میں حقیقی تبدیلی کے لئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں، ہمیں حضرت علامہ اقبال اور حضرت قائداعظم کے خوابوں کو حقیقت کا رنگ دینے کے لئے اپنی ترجیحات کو بدلنا ہوگا تاکہ دنیا میں پاکستان کے کھوئے ہوئے وقار کو بحال کیا جاسکے اور ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کیا جا سکے۔


تبصرہ