تحفظ پاکستان آرڈیننس کی آڑ میں تحفظ اقتدار آرڈیننس کا نفاذ کر دیا گیا۔ شیخ زاہد فیاض
ڈاکٹر طاہرالقادری نے الیکشن سے پہلے بتا دیا تھا کہ آنے والے حکمران عوام سے احتجاج کا حق بھی چھین لیں گے
پاکستان عوامی تحریک اس کالے قانون کو مسترد کرتی ہے

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر شیخ زاہد فیاض نے تحفظ پاکستان آرڈیننس پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرڈیننس حکومت کا سیاہ ترین کارنامہ ہے جسے تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔ عوامی تحریک تحفظ پاکستان آرڈیننس جیسے کالے قانون کو نہیں مانتی۔ یہ تحفظ پاکستان نہیں بلکہ تحفظ اقتدار آرڈیننس ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی تحریک راولپنڈی، اسلام آباد کے مشترکہ ہنگامی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سردار منصور خان، عمر ریاض عباسی، ملک افضل، ریاست علی خان، ملک طاہر جاوید، ملک انصار، علامہ حیدر علوی، میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان، فاروق بٹ، شمریز اعوان، مقصود عباسی، امجدعباسی اور دیگر بھی موجود تھے۔
شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ حکمرانوں نے اپنے سیاہ کارناموں پر پردہ ڈالنے کے لئے تحفظ پاکستان آرڈیننس کی آڑ میں تحفظ اقتدار آرڈیننس نافذ کر دیا ہے جسے تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔ عوام سے اپنے حقوق کے لئے احتجاج کاحق بھی چھین لیا گیا اور حکمران جو چاہیں کرتے پھریں ان کو کوئی پوچھنے والا نہ ہو۔ پاکستان عوامی تحریک اس کالے قانون کو مسترد کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے الیکشن سے پہلے بتا دیا تھا کہ آنے والے حکمران عوام سے احتجاج کا حق بھی چھین لیں گے اور ایسا ہی ہوا۔ آج تحفظ پاکستان کے نام پر جمہوریت کا گلا گھونٹنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ جمہوریت کے دعویدار حکمران عوام کو جمہوری حق سے محروم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اپنے اقتدار کو طول دینے کے لئے مختلف حربے استعمال کر رہے ہیں جو کہ عوام کے حقوق غصب کرنے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کا حل مصطفوی انقلاب میں مضمر ہے۔ عوام مسائل کی چکی میں پسنے کی بجائے انقلاب کی جماعت میں شامل ہو جائیں اسی میں پاکستان اور پاکستان کی عوام کی بقا اور سلامتی ہے۔ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں بہت جلد کرپٹ حکمرانوں کا بسترگول کر دے گی۔ اس طرح کے آرڈیننس ہماری راہ میں ریت کی دیوار ثابت ہوں گے۔


تبصرہ