60 ہزار کنٹریکٹ ملازمین کو نوکریوں سے بے دخل کرنا، پنشنوں اور تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنا غریب کش اور عوام دشمن اقدام ہے
حکومت کے غریب کش اقدامات کے خلاف عوامی تحریک ملک احتجاج کرے
گی۔ مصطفی خان
عوام اسمبلیوں میں بیٹھے اراکین کی مراعات چھین لیں گے
پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے ضلعی سیکرٹری اطلاعات مصطفی خان نے کہا ہے کہ 60 ہزار کنٹرکٹ ملازمین کو نوکریوں سے بے دخل کرنا، پنشنوں اور تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان غریب کش اور عوام دشمن اقدام ہے۔ اگر ملازمین کو فارغ کیا گیا تو عوامی تحریک غریب عوام کے ساتھ مل کر پارلیمنٹ میں بیٹھے ہوئے نام نہاد عوامی نمائندوں کو اسمبلیوں سے بے دخل کر کے ان سے مراعات چھین لیں گے۔ حکومت کے غریب کش اقدامات کے خلاف عوامی تحریک ملک احتجاج کرے گی، عوامی تحریک برطرف ملازمین اور تنخواہ دار ملازمین کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان، اختر راجہ، مبشر رندھاوا، شمریز اعوان بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ نہ کیاگیا تو پاکستان عوامی تحریک ملک گیر احتجاج کرے گی اور آنے والے بجٹ سے پہلے حکومت کو گھر جانے پر مجبور کر دے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک بجلی کے بلوں میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے قیمتوں کی فوری واپسی کا مطالبہ کرتی ہے۔ مصطفی خان نے کہا کہ عوام ملک کو بار بار لوٹنے والوں سے نجات کے لئے عزم مصمم کرچکے ہیں۔ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں عوام کومزید ظلم کی چکی میں نہیں پسنے دے گی اور عوامی تحریک اسمبلیوں سے باہر رہ کر بھی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے اور کرتی رہے گی اور حکمرانوں کی عوام دشمن اور غریب کش پالیسیوں کے خلاف احتجاج جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے باہر جائیدادوں کے انبار لگانے والے ملک کے غریب کو ایک مرلہ جگہ دینے کو تیار نہیں ہیں۔ مہنگائی کی صورت میں غریب عوام پر حکمرانوں کے پے در پے حملوںسے حکمرانوں کے دن گنے جاچکے ہیں۔ حکمران اپنی غلط پالیسیوں کے باعث اپنے دن کم کر تے جارہے ہیں۔


تبصرہ