استحصالی اور کرپٹ نظام کے خلاف جدوجہد منزل کے حصول تک جاری رہے گی۔ سردار منصور خان
کرپشن کو تحفظ دینے والا انتخابی نظام عوام کی خوشحالی، ملکی وقار
اور ترقی میں رکاوٹ ہے
28 مارچ کو پاکستان عوامی تحریک کا ملک گیر کنونشن ہوگا
ڈاکٹر حسین محی الدین پاکستان عوامی تحریک کے نو منتخب عہدیداران سے حلف بھی لیں گے
پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار منصور خان نے کہا ہے کہ ہمیں بطور قوم اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے انصاف اور مساوات کے اصول اپنانا ہوں گے، پاکستان بنانے کا مقصد یہ تھا کہ عوام کو بنیادی حقوق انکی دہلیز پر پہنچائے جاتے۔ لیکن افسوس ہمارے نااہل سیاستدانوں نے قرارداد پاکستان کی حقیقت کو فراموش کر کے بانی پاکستان قائد اعظم کے افکار کی خلاف ورزی کی۔ ذاتی مفادات، لوٹ کھسوٹ اور کرپشن کو تحفظ دینے والا انتخابی نظام عوام کی خوشحالی، ملکی وقار اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ وہ پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد، راولپنڈی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ 28 مارچ کو پاکستان عوامی تحریک کا ملک گیر کنونشن ہوگا جس میں صاحبزادہ ڈاکٹر حسین محی الدین خصوصی شرکت کریں گے اور پاکستان عوامی تحریک کے نو منتخب عہدیداران سے حلف بھی لیں گے، اس موقع پر ملک افضل، ریاست علی خان، ملک انصار، نعیم سلطان کیانی، اشتیاق میر ایڈووکیٹ، ملک طاہر جاوید، غلام علی خان، مقصود عباسی، امجدعباسی شریک تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قرارداد پاکستان کی روشنی میں تجدید عہد کرنا کہ ہر فرد کو نظام کی تبدیلی کیلئے عملی کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہونا پڑے گا ورنہ ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل تاریک ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک نے استحصالی اور کرپٹ نظام کے خلاف جدوجہد منزل مقصود کے حصول تک جاری رہے گی۔ کمیشن مافیا ترقیاتی پروجیکٹس کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے۔ قومی دولت لٹیروں میں لٹ رہی ہے۔ عوام کھوٹے اور کھرے میں امتیاز کریں اور ایسی قیادتوں سے جان چھڑائیں جو قومی غیرت کو بیچنا اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ موجودہ فرسودہ نظام انتخاب کو دریا برد کرنے کے بعد ہی اس ملک اور قوم کا مقدر بدل سکتا ہے۔ حقیقی جمہوریت کی راہ کا سب سے بڑا پتھر موجودہ نظام انتخاب ہے۔ ملک بچانے اور اسے دنیا میں باوقار معاشی مقام دلانے میں طلباء اور نوجوانوں کا کردار کلیدی نوعیت کا ہو گا۔


تبصرہ