غریب اور سفید پوش طبقہ کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہو گیا ہے۔ فاروق بٹ
عوام جو اکیسویں صدی میں بھی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے
پر مجبور ہیں بہت جلد ان کا ہاتھ ہو گا اور ظالموں کا گریبان
نظام میں تبدیلی کیلئے پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد رنگ لائے گی
پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد سٹی کے صدر فاروق بٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کے صدر ملک کی دونوں بڑی سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کو کاندھا دیکر اقتدار کے دورانیے کو پورا کروانے کا عزم کئے ہوئے ہیں۔ دونوں سیاسی جماعتوں کے قائدین اور اعلیٰ عہدیداران وزارتوں کے مزے لوٹتے ہوئے ملک وقوم کی قسمت کے ساتھ بھیانک کھیل کھیل رہے ہیں۔ اس خوفناک کھیل کی وجہ سے غریب اور سفید پوش طبقہ کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہو گیا ہے۔ اگر حکمرانوں نے مہنگائی، لاقانونیت، امیر اور غریب کے درمیان فرق اور بے روزگاری پر قابو نہ پایا تو اس ملک کے 19 کروڑ غریب اور مفلوک الحال عوام جو اکیسویں صدی میں بھی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں بہت جلدانکا ہاتھ ہو گا اور ظالموں کا گریبان۔ سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہراہ فرماتی ہیں کہ جب کوئی بھوکا دیکھو تو یہ مت سمجھو کہ خدا کے رزق میں کمی ہے بلکہ سمجھ جاؤ کہ کسی ظالم نے اسکا رزق چھین لیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد بھی یہی ہے کہ عوام کو موجودہ کرپٹ، بدعنوان اور جبری سیاسی نظام سے نجات دلائی جائے اور انکے حقوق انہیں دلائے جائیں۔
وہ گزشتہ روز اسلام آباد میڈیا سیل میں پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے جبکہ فاروق بٹ، اشتیاق میر ایڈووکیٹ، راجہ منیر اعجاز، انصار ملک، شمریز اعوان، شاہد شنواری بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ نہاد جمہوری فکر اور جمہوریت کے سائے تلے اقتدار سیاست کے مزے لوٹنے والے جمہوریت کے بنیادی ایجنڈے سے واقف بھی نہیں۔ ملک میں امن وامان کی صورتحال ابتر ہو چکی ہے، جبکہ حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور حکمران ہوش کے ناخن دکھانے سے قاصر ہیں۔ مہنگائی کا جن اس قدر بے قابو ہو چکا ہے کہ ساری قوم سراپا احتجاج ہے۔ کیا جمہوریت ایسی ہوتی ہے؟ انہوں نے کہا کہ حکومتی شیروں نے اپنے ابتدائی دور میں ہی غریب عوام کا گوشت کھانا اور خون پینا شروع کر دیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے 11 مئی کے الیکشن سے قبل جو کچھ بھی کہا ہر بات وقت کے ساتھ ساتھ درست ثابت ہو چکی ہے۔ دھن، دھونس اور دھاندلی پر مبنی نظام انتخاب اس تمام تباہی کا اصل ذمہ دار ہے۔ نظام انتخاب میں تبدیلی کیلئے پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد رنگ لانے والی ہے۔ قوم حقیقی تبدیلی کیلئے پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دے تا کہ ملک کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔


تبصرہ