حکومت کی ناکام پالیسیوں، مہنگائی، کرپشن اور نام نہاد نجکاری کے خلاف راولپنڈی میں ہونے والی ریلی فیصلہ کن ثابت ہوگی۔ سردار منصورخان
عوامی تحریک معاشرے کے پسے ہوئے استحصال زدہ طبقات کے حقوق کیلئے جدوجہد کو ڈاکٹر طاہر القادری کی ولولہ انگیز قیادت میں جاری رکھے گی
اسلام آباد ( )12مارچ 2014ء پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنما سردار منصور خان نے کہا ہے کہ حکومت کی ناکام پالیسیوں، مہنگائی، کرپشن اور نام نہاد نجکاری کے خلاف اپریل میں راولپنڈی کی تاریخ کی سب سے بڑی ریلی منعقد ہوگی۔ راولپنڈی کی ریلی انقلاب کے لئے فیصلہ کن مرحلہ ثابت ہوگی۔ پاکستان کے حالات بدترین ہیں اسے دہشت گردی سے ہر صورت بچانا ہو گا۔ دہشت گردی کے واقعات کے تسلسل نے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے مگر اسے روکنے کی کوئی حکومتی پالیسی نہیں۔ حکومت دہشت گردوں کے سامنے بے بس ہو کر مذاکرات کر رہی ہے جبکہ دہشت گردوں نے جنگ بندی کے باوجود اسلام آباد کچہری میں خون کی ہولی کھیل کر ثابت کردیا کہ وہ مذاکرات نہیں چاہتے۔ وہ گزشتہ روز راولپنڈی میں ہونے والی ریلی کی تیاریوں کے سلسلے میں عوامی تحریک کے ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پرملک افضل، علامہ حیدر علوی، شمریز اعوان، غلام علی خان، احسان اللہ ایڈووکیٹ، ابرار رضا، طارق بٹ، ابرار حیدر، احسن خان، احمد یار، محسن بھٹی، نیاز انقلابی، عنصر محمود، مہر اشرف، مظہر ہاشمی، ظہور الہی ایڈووکیٹ بھی موجود تھے
۔
انہوں نے کہا کہ معیشت کو جعلی طریقوں سے سہارا دیاجارہا ہے جو زیادہ دیر نہیں چلے گا۔ مذاکرات کے حوالے سے ملک افضل نے کہا کہ مذاکرات کا ایک طریقہ ہوتا ہے اور وہ یہ ہے کہ دہشت گرد ریاست کی رٹ کو تسلیم کریں، امن کے راستے پر آ جائیں، ہتھیار پھینک کر پر امن ہو کر مذاکرات کی بات کریں۔ مگر صورتحال یہ ہے کہ دہشت گرد ریاست کی رٹ کو تسلیم کئے بغیر قوت اور طاقت سے مطالبات منوانا چاہتے ہیں۔ ان حالات میں مذاکرات کی بات کرنا انتہائی کمزور موقف ہے۔ دہشت گردوں کی قوت اور طاقت کو توڑے بغیر ان سے مذاکرات کرنا قرآن و سنت کے مطابق نہیں۔ مذاکرات کی بات کرنیوالوں کو واضح کرنا ہو گا کہ پہلے جو مذاکرات ہوئے انکا نتیجہ کیا نکلا؟ انہوں نے کہا ہے کہ نظام انتخاب کی تبدیلی کی جو موثر آواز ڈاکٹر طاہر القادری نے بلند کی ہے وہ ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے۔ نظام انتخاب کی تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے۔ آئین کے آرٹیکل 38اور باقی تمام شقوں پر عمل کروانے کیلئے ا نقلاب ہی واحد راستہ ہے۔ علامہ حیدر علوی نے کہا کہ جب انقلاب کی کال آئے گی ان شاء اللہ پاکستان عوامی تحریک پوری عوامی قوت کے ساتھ ڈاکٹر طاہر القادری کے شانہ بشانہ ہوگی۔ نام نہاد جمہوریت نے عوام کا جینا دو بھر کر دیا ہے۔ جمہوریت کے نام پر ملک میں چند خاندانوں کی آمریت مسلط ہے۔ موجودہ نظام انتخاب کو بدلنے سے ہی سیاست کے ایوانوں کا گند صاف ہو سکتا ہے۔ پاکستان میں تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے، ڈاکٹر طاہر القادری کا انقلاب ریاست کے استحکام اور عوامی خوشحالی کا باعث بنے گا۔ پاکستان عوامی تحریک معاشرے کے پسے ہوئے استحصال زدہ طبقات کے حقوق کیلئے جدوجہد کو ڈاکٹر طاہر القادری کی ولولہ انگیز قیادت میں جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی پاکستان کے ماتھے کا بدنما داغ ہے اسکا خاتمہ ضروری ہے۔


تبصرہ