قوم اگر تبدیلی کے لئے نہ اٹھی تو پاکستان میں جاہلیت کے عالمی ریکارڈ قائم ہوں گے۔ قاسم مرزا
پاکستان میں تعلیم کا حصول مشکل بنادیا گیا، تعلیم عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوگئی
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل قاسم مرزا نے کہا ہے کہ قوم اگر تبدیلی کے لئے نہ اٹھی تو پاکستان میں جاہلیت کے نئے عالمی ریکارڈ قائم ہوں گے۔ پاکستان میں تعلیم کا حصول مشکل بنا دیا گیا۔ تعلیم عام آدمی پہنچ سے دور کر دی گئی۔ نظام تعلیم کو دین اور دنیا کو علیحدہ کردیا گیا۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ملک میں طبقاتی نظام تعلیم کاخاتمہ چاہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایم ایس ایم کی ’’شعورعلم ‘‘ کے لئے طلبہ کے اجتماع کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ قائد اعظم کے پاکستان میں سرمایہ داریت، جاگیرداریت اور موروثییت کی قطعاً گنجائش نہ تھی مگر بدقسمتی کہ آج ان طبقات نے پورے معاشرے کو جاگیرداروں اور سرمایہ داروں نے جکڑ رکھا ہے، مجبوریت کو جمہوریت کا نام دے کر غریب عوام کا بدترین استحصال کیا جا رہا ہے۔ آئین کی روح کو مسخ کر کے آمریت کو جمہوریت کا نام دے دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آئینی ترامیم کے ذریعے قائد اعظم کے پاکستان کو مفاد پرست طبقے کی لوٹ مار کی نظر کر دیا گیا ہے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ڈاکٹر طاہرالقادری کے شانہ بشانہ ظلم کے نظام کے خلاف سینہ سپر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو ملک بچانے اور طبقاتی نظام تعلیم کے خاتمے اور مساوی نظام تعلیم کے رائج کیلئے پرامن جدوجہد کرنا ہو گی۔


تبصرہ