دہشت گردوں کے خلاف فوج کارروائی کرے عوام ساتھ ہیں۔ شیخ زاہد فیاض
قرآن وسنت کی بالادستی پاکستان کے آئین کا حصہ ہے
موجودہ حکمرانوں سے قوم کو امن اور خیر نہیں مل سکتا
نظام کو بچانے کی بات کرنیوالے مالی، اخلاقی اور سیاسی کرپشن ولوٹ مار کو نظام کہتے
ہیں
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں فوج کا ساتھ دیا جائے۔ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج جو بھی اقدامات اٹھائے گی اسکی حمایت کرتے ہیں۔ ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنا پاکستان عوامی تحریک کے انقلاب کا حصہ ہے۔ ریاست اور طالبان کے مطالبات کا کسی ایک جگہ سنگم ہی نہیں بنتا۔ طالبان، طالبان کے کھیل سے گرد اڑائی جا رہی ہے۔ قوم کو ایک تماشے میں الجھایا جا رہا ہے۔ ریاست کے پاس قرآن وسنت اور آئین وقانون کے مطابق اختیار ہی نہیں ہے کہ وہ بے گناہوں کے قاتلوں کو معاف کر کے چھوڑ دیں۔
وہ پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ریاست علی خان، اشتیاق میر ایڈووکیٹ، ملک افضل، علامہ حیدر علوی، انصار ملک، مصطفی خان، شمریز اعوان، ملک طاہر جاوید اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن وسنت کی بالادستی پاکستان کے آئین کا حصہ ہے۔ آئین میں درج ہے کہ اس ملک میں کوئی قانون قرآن وسنت کے خلاف نہیں ہو گا۔ طالبان کو چاہیے کہ ان آرٹیکلز کو تھام لیں اور انکی روشنی میں بات کریں۔ اپنے آپ کو آئین کا پابند کریں۔ انہوں نے کہا کہ قرآنی احکامات کی روشنی میں یہ گروہ باغی اور فتنہ کرنے والا ہے۔ حکومت دہشت گردوں کا صفایا کرے۔ اس وقت تک ان کے خلاف جدوجہد کی جائے جب تک وہ امن کی طرف نہ لوٹ آئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں عبادت گاہیں محفوظ نہیں ہیں۔ کسی بھی امتیاز کے بغیر تمام عبادت گاہوں کی حفاظت حکومت کا فرض ہے۔ کیونکہ تمام مذاہب کی عبادت گاہوں کی حفاظت اللہ کریم نے اپنے ذمہ لے رکھی ہے۔ جب باغی گروہ بغاوت ترک کر کے امن کا راستہ اختیار کریں تو ان سے مذاکرات کئے جائیں۔ موجودہ حکمرانوں سے کبھی اس قوم کو امن اور خیر نہیں مل سکتا۔ نظام اور جمہوریت کو بچانے کی بات کرنیوالے مالی، اخلاقی اور سیاسی کرپشن ولوٹ مار کو نظام کہتے ہیں۔


تبصرہ