یوتھ لون سکیم سے پہلے نوجوان بے روزگار تھے اب مقروض کیا جا رہا ہے۔ قاسم مرزا
قرضہ سکیم کے ذریعے نوجوانوں کو سود کی لعنت میں جکڑا جا رہا ہے
نوجوانوں کے نام پر کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کئے جائیں گے

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل قاسم مرزا نے کہا ہے کہ یوتھ لون سکیم سے پہلے نوجوان بے روزگار تھے اور یوتھ لون سکیم کے بعد نوجوانوں کو مقروض بھی کیا جا رہا ہے۔ نوجوانوں کے نام پر کرپشن کے نئے ریکارڈ بنائے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اسلام آباد کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سعید خان نیازی، نعمان کریم، محمد ندیم، طلحہ بٹ، برہان مصطفوی، محسن رضا، محمد دانش، حمزہ بٹ، محمد بلال اور دیگر بھی موجود تھے۔ قاسم مرزانے کہا کہ یوتھ لون کے نام پر قوم کے نوجوانوں کو بلیک میل کیا جا رہا ہے، لاکھوں درخواستوں میں صرف 5600 نوجوانوں کے لئے قرض کی منظوری ہوئی ہے۔ باقی پورے ملک کے نوجوانوں کو مایوس کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ لون سکیم آئین کے آرٹیکل 38 کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ آئین کے آرٹیکل 38 کی روح سے سٹیٹ معیشت سے سود کے خاتمہ کی پابند ہے اور نوجوانوں کو روزگار دینے کی پابند ہے لیکن یہاں کا نظام ہی الٹاہے۔ الٹی گنگا بہ رہی ہے۔ اس الٹی گنگا کو سیدھا کرنے اور ملکی معیشت سمیت پورے نظام کو تبدیل کرنے کے لئے نوجوانوں کو ڈاکٹر طاہرالقادری کے شانہ بشانہ جدوجہد کرنا ہوگی۔


تبصرہ