آئین کے آرٹیکل 38 اور باقی تمام شقوں پر ان کی روح کے مطابق عمل کرنا ہو گا۔ انصار ملک
کارکن انقلاب کی تیاریوں کو تیز تر کر دیں، جلد ایک سے دو کروڑ
نمازیوں پر مشتمل انقلاب کا ریلا اٹھے گا
عوامی تحریک اسلام آباد کے زیراہتمام’’بدلے گا نظام بدلے گا پاکستان‘‘ کے عنوان سے
سیمینار اسلام آباد کلب میں 19 فروری کو منعقد ہوگا
پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری انصار ملک نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک قدم بہ قدم انقلاب کی طرف بڑھ رہی ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب جماعت انقلاب قائم ہو گی اور لٹیرے ملک چھوڑ کر بھاگ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم آئین اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے تھے۔ ان کے اصولوں کے مطابق نیا پاکستان تشکیل دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ’’بدلے گا نظام بدلے پاکستان‘‘ کے موضوع پر ہونے والے سیمینار کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ عوامی تحریک اسلام آباد کے زیراہتمام ہونے والے سیمینار میں سینئر صحافی ایڈیٹر روزنامہ جناح خوشنودعلی خان، سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد، سابق سیکرٹری خارجہ اکرم ذکی، معروف کالم نگار مظہر برلاس، سجاد ترین، پی ٹی آئی کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات فیاض الحسن چوہان اور دیگر اہم شخصیات شرکت کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک پرامن جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔ مارچ کے مہینے میں راولپنڈی میں تاریخ ساز احتجاجی ریلی ہوگی جو مہنگائی، کرپشن، بیروزگاری اور بدامنی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ انقلاب کا نقطہ آغاز ثابت ہوگی۔ ہمارا پرامن احتجاج 33 سالہ پرامن جدوجہد کا ہی تسلسل ثابت ہوگا۔ جو کرپٹ حکمرانوں اور موجودہ کرپٹ نظام انتخاب کی تبدیلی تک جاری رہے گا، آئین پاکستان پر حقیقی معنوں میں عمل درآمد کرکے ہی پاکستان کو دنیا میں باوقار معاشی اور سیاسی مستقبل دیا جا سکتا ہے۔ آئین کے آرٹیکل 38 اور باقی تمام شقوں پر ان کی روح کے مطابق عمل کرنا ہو گا اور اس کیلئے ہماری جدوجہد کا آغاز ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک پاکستان کے کروڑوں عوام پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ کھڑے ہیں۔ عوامی تحریک اللہ کی مدد ونصرت اور عوام کی بھرپور طاقت سے لٹیرے حکمرانوں کو بھگا کر دم لے گی۔ کارکن انقلاب کی تیاریوں کو تیز تر کر دیں اور ڈاکٹر طاہرالقادری کا پیغام ہر گھر میں پہنچائیں۔ جلد ایک سے دو کروڑ نمازیوں پر مشتمل انقلاب کا ریلا اٹھے گا اور کرپشن اور اسکے محافظوں کو بہا لے جائے گا۔


تبصرہ