گیس بحران اور لوڈ شیڈنگ کے باعث مزدور بے روزگار، دو لقموں کا حصول بھی ناممکن ہو گیا ہے۔ فاروق بٹ
مہنگائی کے عفریت نے جبڑے کھول کر عوام کو نگلنا شروع کردیا
بنیادی ضروریات سے محرومی پاکستانی عوام کا مقدر بنا دی گئی ہے
عوام کو موجودہ استحصالی نظام کے خلاف اٹھنا ہوگا تاکہ حقیقی قیادت ملک کی باگ ڈور
سنبھال سکے
پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے سینئر نائب صدر فاروق بٹ نے کہا ہے کہ پاکستان قیادت کے بدترین بحران کا شکار ہے اور اس کا المیہ یہ ہے کہ اقتدار پر براجمان لیڈر، حقیقی لیڈر نہیں ہیں۔ عوام کو موجودہ استحصالی نظام کے خلاف اٹھنا ہوگا تاکہ حقیقی قیادت ملک کی باگ ڈور سنبھال سکے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے عفریت نے جبڑے کھول کر عوام کو نگلنا شروع کردیا ہے۔ دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، لوڈ شیدنگ، گیس بحران اور بے روزگاری کے عذاب نے 18 کروڑ عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔ گیس بحران اور لوڈ شیڈنگ کے باعث مزدور بے روزگار ہیں اور دو لقموں کا حصول بھی ناممکن بن گیاہے۔ بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں آئے روز کے اضافے نے پاکستانیوں کو بے حال کر دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی سیکرٹریٹ میں سیکٹرز کی تنظیموں کے عہدیداران سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی ضروریات سے محرومی پاکستانی عوام کا مقدر بنا دی گئی ہے۔ مسائل کی دلدل میں دھنسے پاکستان کے مقتدر طبقوں کو احساس نہیں کہ اس کے وجود کو کتنے خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جن سنگین اور گھمبیر مشکلات کا سامنا ہے اس کے پیش نظرسیاستدان طبقہ برداشت کے کلچر کا عملی مظاہرہ کرے۔ ملک اور عوام کے حال پر رحم کریں اور اپنی تمام تر صلاحیتیں ملک کو بحران سے نکالنے پر مرکوز کریں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہونیوالی ٹارگٹ کلنگ ملی یکجہتی کے خاتمے کی گھناؤنی سازش ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس پرتشدد رویے کو کچلنے کیلئے مؤثر اور سنجیدہ کارروائی کریں اور مذہبی ولسانی بنیادوں پر انسانی جانوں کا ضیاع روکنے کیلئے قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتا ہوا تشدد معاشرے کے اندر پائی جانیوالی تنگ نظری، انتہا پسندی اور لسانی وصوبائی عصبیت کو ظاہر کرتا ہے۔


تبصرہ