ڈاکٹر طاہرالقادری قوم کے حقیقی لیڈر ہیں جنہوں نے قوم کے مرض کی تشخیص کر دی ہے۔ مصطفی خان
نجکاری کے نام پر ملک کی سب سے بڑی ڈکیتی کو ناکام بنانے کے لئے
عوام سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں
پاکستان عوامی تحریک ملک کی سب سے بڑی عوامی قوت بن چکی ہے
پاکستان عوامی تحریک کے رہنما انچارج میڈیا سیل مصطفی خان نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری وہ واحد لیڈر ہیں جنہوں نے ہمیشہ قوم کو خطرے سے پہلے آگاہ کیا۔ جس طرح 11 مئی کے الیکشن سے پہلے انہوں نے کہہ دیا تھا کہ الیکشن کے بعد تبدیلی چاہنے والے سر پکڑ کر روئیں گے، اسی طرح اب انہوں نے قوم کو یہ بات بتا دی ہے کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات ٹوپی ڈرامہ ہیں، جس کی حقیقت بہت جلد قوم کے سامنے آ جائے گی اور مذاکرات کے ڈرامے کا ڈراپ سین جلد ہو جائے گا اور سب کچھ قوم کے سامنے کھل جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی پیشن گوئی کر دی ہے کہ مذاکرات قطعی نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوں گے، یہ فقط پوری قوم کو نظریاتی طور پر تقسیم کرنے کی سازش ہے۔
انہوں نے کہا کہ لیڈر وہ ہوتا ہے جو قوم کے مستقبل کی تعمیر کے متعلق سوچتا ہے اور سیاست دان ہمیشہ اگلے الیکشن کے لئے سوچتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری قوم کے حقیقی لیڈر ہیں جنہوں نے قوم کے مرض کی تشخیص کر دی ہے کہ اس قوم کو کرپشن کھا گئی لیکن قوم اپنے حقوق کے لئے نکلنے کے لئے تیار نہیں ہوئی۔ اب وقت آگیا ہے کہ ملکی اداروں کی لوٹ سیل کو روکنے کے لئے ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہو جائے۔ جس دن قوم اپنے حقوق کے تحفظ کے لئے نکلنے کے لئے تیار ہوگئی انقلاب اس ملک کا مقدر بن جائے گا۔ پاکستانی عوام ہوش سے کام لیں اوراپنے خلاف ہونے والی سازش اور نجکاری کے نام پر ہونے والی ملک کی سب سے بڑی ڈکیتی کو ناکام بنانے کے لئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کرپشن اور مہنگائی کے خلاف راولپنڈی میں ریلی میں ثابت کر دے گی کہ اس وقت عوامی تحریک ملک کی سب سے بڑی عوامی قوت بن چکی ہے۔ پی آئی اے کے 10 جہاز بیچے جارہے ہیں جو بالکل نئے ہیں۔ جن کی وجہ سے آج پی آئی اے چل رہا ہے وہی جہاز بیچے جا رہے ہیں۔ مذاکرات کا ڈھونگ رچا کے طالبان طالبان کا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ قوم کو کمیٹیوں کے معاملات میں الجھایا جا رہا ہے۔ پس پردہ نجکاری کے نام پر لوٹ مار کی جارہی ہے۔ ریاست اور طالبان کے مذاکرات میں کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا۔ وقت کے ساتھ ساتھ سب کچھ بے نقاب ہوجائے گا۔ میڈیا کو بھی مذاکرات کی طرف لگا دیا گیا ہے، تاکہ اس کے پس پردہ جاری لوٹ مارکو کوریج نہ مل سکے۔


تبصرہ