مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا وقت کی ضرورت ہے۔ سردار منصور خان
بھارت ہٹ دھرمی چھوڑ کر مذاکرات کے ذریعے مسئلے کو حل کرنے کے لئے
سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔ ابرار رضا
مسئلہ کشمیر کا پرامن حل دونوں ممالک کی عوام کے لئے امن کا باعث ہوگا۔ غلام علی خان

پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار منصور خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر عوامی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا وقت کی ضرورت بن چکاہے۔ اس حوالے سے عالمی سطح پر پائی جانے والی سرد مہری دنیا کے لئے سوالیہ نشان ہے۔ مسئلہ کشمیر کے ساتھ ساتھ بھارت کے ساتھ پانی کی تقسیم کا معاملہ بھی انتہائی سنگین صورت حال اختیار کئے جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی تحریک کے زیراہتمام یوم کشمیر کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل ڈائیلاگ ہیں اس حوالے سے اقوام متحدہ پر عمل درآمد کا ہونے کا وقت آ پہنچا ہے۔
عوامی تحریک ویلی 4 کے رہنما میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جانب کی قیادت کشمیری عوام کے حقوق کی خاطر بامقصد مذاکرات کا راستہ اختیار کریں تو کشمیر کے دیرینہ مسئلے کاحل نکال سکتے ہیں، وگرنہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہوتی، مسئلہ کشمیر کی طوالت کے باعث دونوں ممالک کے عوام کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کاحق خودارادیت ان کا بنیادی اور انسانی حق ہے جس سے کسی کو بھی محروم نہیں رکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ 65 سالوں سے حق خود ارادیت کی جدوجہد میں مصروف ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کشمیری عوام کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اچھے ہمسایوں کی طرح رہنے کا عزم کر لیں تو مسئلہ کشمیر بہت جلد حل ہو سکتا ہے۔ خطے میں قیام امن کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل ہونا بہت ضروری ہے۔ اس سے دونوں ممالک کے عوام خوشحال اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت بھی مل جائے گا۔


تبصرہ