موجودہ حکومت نے ملکی تاریخ میں کرپشن کے تمام ریکارڈز توڑ دیئے ہیں۔ سردار منصور خان
پاکستان عوامی تحریک کرپشن اور مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج
کا سلسلہ جاری رکھے گی
مصطفوی کارکنان کے حوصلے بلند ہیں، انقلاب کی تیاریاںزور پکڑ رہی ہیں
پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردارمنصورخان نے کہا ہے کہ 11 مئی کے الیکشن سے قبل ڈاکٹر طاہرالقادری کی کہی ہوئی باتیں ایک ایک کر کے سچ ثابت ہو چکی ہیں اور اب پارلیمنٹ میں بیٹھے نام نہاد لیڈروں نے کالے دھن کو سفید کرنے کی منصوبہ سازی مکمل کر لی ہے۔ 75فی صد پارلیمینٹیرینز، ٹیکس چوروں اور لٹیروں نے ملک کو لمیٹڈفرم بنا دیا ہے۔ اس قسم کا مذاق دنیا کے کسی بھی ملک میں نہیں ہوتاکہ کرپٹ مافیا اور ٹیکس چوروں کو سرِعام نوازا جائے۔ پاکستان کی تاریخ میں اس سے بڑا ڈاکہ کبھی نہیں پڑا۔ ڈاکوئوں کی بلیک منی کو وائٹ منی کرنے کے لیئے اپنی مرضی کا قانون بنا دیا گیا ہے اور پاکستان چند خاندانوں کے ہاتھوں بک گیا ہے۔ کرپشن جیت گئی ہے اور غریب حسب معمول ہار گیا ہے۔ کرپٹ اورڈرگ مافیا کو غریب کی کوئی فکر نہیں۔ بنیادی ضرورت کی اشیاء کی قیمتوں کو آگ لگا دی گئی ہے۔ ڈالر کی قیمت بڑھنے کی وجہ سے بیرونی قرضوں میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے اور تاجروں اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچی ہے۔ ملک میں کرپشن اور مہنگائی اور لاقانونیت کا راج ہے جس کے خلاف پاکستان عوامی تحریک نے ملک گیر احتجاج کاسلسلہ جاری رکھے گی اور عوام کی آوازکو بلند کرتی رہے گی۔ 29 دسمبر بروز اتوار کرپشن اور مہنگائی کے خلاف لاہور سے احتجاجی ریلی نے ثابت کردیا کہ پاکستان عوامی تحریک اس وقت ملک کی سب سے مقبول جماعت بن چکی ہے۔ راولپنڈی کراچی اور پشاور میں احتجاجی ریلی نکالی جائے گی اور پھر یہ سلسلہ ہر ڈویژن تک پھیلا دیا جائے گا اور بالآخرمناسب وقت پر پوری قوم کو ساتھ ملا کر اس کرپٹ نظام کا صفایا کرنے کے لیئے ایک کروڑ نمازیوں کی جماعت کھڑی کی جائے گی۔ جس کے لیئے فیلڈ میں سمندروں کی طرح تیز رفتاری سے تیاری جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری سنار کی ٹھک ٹھک کے قائل نہیں بلکہ وہ لوہار کی ایک ہی ضرب لگائیں گے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ گیدڑ بننے کی بجائے شیر بنے اور دہشت گردوںکے خلاف کاروائی کرے۔ ہم امن پسند لوگ ہیں، ۔ قومی غیرت پر سودے بازی کرنے والی قیادت قوم کو کبھی با عزت مستقبل نہیں دے سکتی۔


تبصرہ