پاکستانی حکمران ملک کو ترقی دینے کی بجائے اپنے خاندان کو ترقی دے رہے ہیں۔ ریاست علی خان
کراچی میں فائرنگ اور ٹارگٹ کلنگ کے جاری سلسلہ کی شدید مذمت کرتے
ہیں
کراچی کی صورتحال انتہائی حساس ہو چکی ہے جس پر ہر پاکستانی دکھی ہے
ملک دشمن قوتیں پاکستان کو ناکام ریاست قرار دلوانا چاہتی ہیں، مقتدر طبقے کو ’’مکروہ
سیاست‘‘ سے فرصت نہیں

پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد سٹی کے صدر ریاست علی خان کہا ہے کہ ملک میں امن وامان کا قیام ناپید ہو چکا، عوام کے جان ومال کے تحفظ کی کوئی ضمانت نہیں ہے۔ پاکستانی حکمران ملک کو ترقی دینے کی بجائے اپنے خاندان کو ترقی دے رہے ہیں۔ اپنی نسلوں کو طاقتور کر رہے ہیں۔ ان ظالم حکمرانوں کے ایجنڈے میں عوامی فلاح نام کی کوئی چیز نہیں جو عوامی مسائل کو حل کر سکے۔ ہزاروں دہشگرد گرفتار کئے گئے اور سارے رہا کر دیے گئے۔ جس ملک میں دہشت گردوں کو تحفظ ہو اور امن وامان کی صورتحال اتنی بگڑ چکی ہو کہ یوں محسوس ہونے لگے کہ ملک کے حکمران خود ملک توڑنے پر لگے ہوئے ہوں وہاں انقلاب کے سوا کوئی امید نہیں رہتی۔ پارلیمنٹ میں دہشت گردوں کیلئے کبھی وہ قانون سازی نہیں کی گئی۔ دنیا کے تمام ممالک نے دہشت گردی کو روکنے کیلئے سخت قوانین بنا دیے ہیں جبکہ یہ ظالم حکمران پارلیمنٹ میں صرف اقتدار کو طول دینے میں مگن ہیں۔ حکمرانوں کا ہر چیز پر دھیان ہے سوائے دہشت گردی کو روکنے کے۔
وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد سٹی کے ہنگامی اجلاس کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر انصارملک، فاروق بٹ، مصطفی خان، اختر راجہ، ریاض بٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کراچی میں فائرنگ، ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کے جاری سلسلہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید ترین مذمت کی اور کہا ہے کہ کراچی کی صورتحال انتہائی حساس ہو چکی ہے جس پر ہر پاکستانی دکھی ہے۔ ملک دشمن قوتیں پاکستان کو ناکام ریاست قرار دلوا کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہیں مگر افسوس پاکستان کے مقتدر طبقے کو ’’مکروہ سیاست‘‘ سے فرصت نہیں۔ قوم کو اپنی ترجیحات بدلنا ہونگی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ایسے عناصر پر کڑی نگاہ رکھنا ہو گی جو ملک کی سالمیت کے دشمن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے بدترین حالات میں سوائے انقلاب کے اور کوئی راستہ دکھائی نہیں دے رہا۔ پاکستان عوامی تحریک عوامی انقلاب کے ذریعے ملک میں حقیقی جمہوریت قائم کرے گی۔ جس کے لئے پاکستان عوامی تحریک کا ہر کارکن مصطفوی کارکنان، مصطفوی رضاکار ہے جو انقلاب کے لئے تیاری میں مصروف ہیں۔ جس دن ڈاکٹر طاہرالقادری انقلاب کی کال دیں گے ملک بھر سے کروڑوں افراد ملک بچانے کے لئے ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔


تبصرہ