سیاست کے نام پر غریب سے روٹی کا نوالہ، پانی، بجلی،گیس اور انسانی حقوق چھین لینا بھی دہشت گردی ہے۔ انصار ملک
پاکستان عوامی تحریک معاشرے میں انصاف، رواداری اور عدل کا نظام قائم کرنا چاہتی ہے۔ انصار ملک
پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری انصار ملک نے کہا ہے کہ سیاست کے نام پر غریب سے روٹی کا نوالہ، پانی، بجلی، گیس، انسانی حقوق چھین لینا بھی دہشت گردی ہے۔ آج بھی دہشتگردی دو قسموں کی ہے ایک دہشتگردی وہ جو مذہب کے نام پر کی جاتی ہے اور معصوم لوگوں کی جان لے لی جاتی ہے اور ایک دہشت گردی وہ ہے جو سیاست کے نام پر کی جاتی ہے جس میں غریب معاشرے کے حقوق اور روٹی کا لقمہ تک چھین لیے جاتے ہیں۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کی ایگزیکٹو کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر فاروق بٹ، شاہد شنواری، گفتار حسین شاہ، غضنفر کھوکھر، مصطفی خان، جاوید ججہ اور دیگر بھی موجودتھے۔ انہوں نے کہا کہ مذہب کے نام پر کی جانیوالی دہشتگردی تو ہے ہی لائق مذمت اور لائق لعنت مگر اس سے بڑی دہشت گردی وہ ہے جو سیاست کے نام پر حکمران کرتے ہیں۔ غریبوں کے حقوق پر ڈاکے ڈال کر اپنے کاروبارکو چمکایا جاتا ہے اور اپنے بنک، بیلنس بھرے جاتے ہیں، مگر غریب روٹی کے نوالے، پانی، بجلی، گیس اور بنیادی انسانی حقوق اور عزت کو ترس رہے ہیں۔ تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے معاشرے کی تعمیر وترقی اور وسائل کی مساویانہ تقسیم کا سبق سکھایا۔ معاشرے میں عدل وانصاف کو رائج کرسکے۔ آج ہمیں وہ حکمران چاہئیں جو معاشرے میں امن، عدل اور انصاف کا نفاذ کر سکیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے قوم کو آئین کاشعور دیا۔ پاکستان عوامی تحریک معاشرے میں انصاف، رواداری اور عدل کا نظام قائم کرنا چاہتی ہے۔


تبصرہ