راولپنڈی: سابق تحصیل ناظم گوجر خان، راجہ سلطان نعیم کیانی پاکستان عوامی تحریک میں شامل ہو گئے
استحصالی نظام سے نجات دلانے کیلئے محب وطن طبقات کو ڈاکٹر طاہر القادری کا ساتھ دینا چاہیئے۔ راجہ نعیم سلطان کیانی
ضلع راولپنڈی کی معروف سیاسی شخصیت اور سابق تحصیل ناظم گوجر خان، راجہ سلطان نعیم کیا نی نے پاکستان کے موجودہ استحصالی سیاسی نظام کے خلاف ڈاکٹر طاہر القادری کی جدوجہد سے متاثر ہو کر پاکستان عوامی تحریک میں شمولیت اختیار کر لی۔ اس بات کا اعلان انہوں نے گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی سیکرٹریٹ البلال پلازہ چاندنی چوک میں مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سردار منصور خان، ضلعی صدر ملک افضل، جنرل سیکرٹری ملک طاہر اور نائب صدر علامہ حیدر علوی کے ہمراہ ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سلطان نعیم کیانی نے کہا کہ پاکستان میں کئی دہائیوں سے جاگیر دار اور سرمایہ دار ایک سیاسی جماعت اور کبھی دوسری کا حصہ بن کر ہمیشہ اقتدار میں شامل رہے ہیں۔ یہ لوگ حکمرانی کو اپنا پیدائشی حق اور ملک کو اپنی جاگیر سمجھتے ہیں۔ ان کی کرپشن نے وسائل کی دولت سے مالا مال وطن عزیز کو بھکاری بنا دیا ہے۔ موجودہ نظام ان کا اور یہ اس نظام کے محافظ ہیں۔ جب بھی اس نظام کے خلاف کوئی آواز بلند ہوتی ہے یہ دونوں مل کر اس کو خاموش کرا دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تھانہ، کچہری، ہسپتال، بازار، تعلیمی ادارے کہیں کوئی بہتری کے آثار دکھائی نہیں رہے۔ عوام گرمیوں میں بجلی اور سردیوں میں گیس سے محروم رہتے ہیں۔ اشیائے خورد ونوش اور بنیادی ضروریات زندگی کی گرانی نے غریب کی زندگی بوجھ بنا دی ہے۔ والدین بچوں کو تعلیم چھڑوا کر محنت مزدوری پر لگا رہے ہیں۔ عوام کو موجودہ حکمرانوں سے انقلابی تبدیلیوں کی توقع تھی مگر انہوں نے چند ماہ میں یہ بھرم توڑ دیا۔ عوام کی شدت سے یہ خواہش ہے کہ کاش کوئی مرد قلندر اس ظالمانہ نظام کے خلاف اٹھے جو ڈاکٹر طاہر القادری کی صورت پوری ہو رہی ہے۔ محب وطن طبقات کو ڈاکٹر طاہر القادری کا ساتھ دینا چاہیئے۔
سردار منصور خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے گزشتہ جنوری میں نظام کو بدلنے کی زبردست جدوجہد کی مگر کرپٹ سیاست دانوں نے سرمائے کے زور پر عوام کو گمراہ کر لیا۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی کہی ہوئی ایک ایک بات سچ ثابت ہوئی جس کی وجہ سے اب انہیں زبردست عوامی حمایت حاصل ہو رہی ہے۔ موجودہ عوام کش نظام سے مایوس طبقات کشاں کشاں پاکستان عوامی تحریک میں شامل ہو رہے ہیں۔ جلد کئی اور اہم شخصیات بھی پاکستان عوامی تحریک میں شمولیت کا اعلان کریں گی۔ پاکستان عوامی تحریک ضلع راولپنڈی کے صدر ملک افضل نے راجہ نعیم سلطان کیانی کی شمولیت خوش آئیند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ہمارے کارکنوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔
تبصرہ