29دسمبر کو مہنگائی، کرپشن اور لا قانونیت کے خلاف تاریخی عوامی احتجاج کیا جائے گا۔ نصرت امین
حوا کی بیٹیاں ملک کے دو فیصد مقتدر طبقے کو سبق سکھانے کا عہد کر لیں
اسلام آباد ( )27دسمبر2013ء منہاج القرآن ویمن لیگ اسلام آبادکی ناظمہ نصرت امین نے کہا ہے کہ عوام کے مقدر کو مستقل اندھیرے دینے والے مقتدر طبقے کی لوٹ مار عروج کو پہنچ چکی ہے۔ نام نہاد الیکشن کے بعد مقتدر طبقے نے عوام کو مایوسی اور عدم تحفظ کے سوا کچھ نہیں دیا۔ موجودہ عوام دشمن نظام انتخاب کے تحت اقتدار میں آنے والوں نے عوام کے حقوق سے کھیلنے کا آئینی حق لے لیا ہے۔ 11مئی کے الیکشن میں چند خاندانوں کے درمیان سلیکشن کا کھیل کھیلا گیا اور اس کھیل میں مجبور عوام کو فٹ بال کے طور پر استعمال کیا گیا۔ 29دسمبر کوحوا کی بیٹیاں اور ساری قوم موجودہ نظام انتخاب کو رد کر کے ملک کے دو فی صد مقتدر طبقے کو سبق سکھانے کا عہد کر لیں تو ملک و قوم کی خوشحالی کا سفر شروع ہو جائے گا۔ وہ گذشتہ روز منہاج مدینہ ہال کراچی کمپنی میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ 29دسمبر کو مہنگائی، کرپشن اور لا قانونیت کے خلاف تاریخی عوامی احتجاج کیا جائے گا۔ لاہور کی سڑکیں ایک نئی تاریخ کی امین بن جائیں گی۔ 29دسمبر کی ریلی نے منہاج القرآن ویمن لیگ اور تحریک منہاج القرآن کے کارکنان میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام اندھیری کوٹھڑی کی مانند ہے جو خوشحالی کے سورج اور عوام کے درمیان حائل ہے۔ عوام 29دسمبر کو لاکھوں کی تعداد میں احتجاج میں شامل ہو کر اس اندھیری کوٹھڑی سے نجات کیلئے منظم کو شش کریں۔


تبصرہ