اسلام آباد: آج عوام سے بجلی، گیس اور صحت چھین لی گئی ہے۔ شاہد اسلم
اسلام آباد( میڈیا سیل )27دسمبر 2013ء پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد جی6 کے راہنما شاہد اسلم نے کہا ہے کہ کمر توڑ مہنگائی نے عوام کا جینا دو بھر کر دیا ہے۔ نام نہاد اور جعلی مینڈیٹ لینے والے حکمرانوں نے قوم کو مہنگائی، کرپشن اور بےروزگاری کے علاوہ کیا دیا ہے۔ یوتھ لون سکیم کے ذریعے سب جانتے ہیں کہ کون فائدہ اٹھائے گا۔ غریب کو سلام کرنے کرنے کے لیئے کوئی تیار نہیں۔ اس کے لئے لاکھوں روپے کی گارنٹی کون دے گا۔ یوتھ لون سکیم کی شرائط پوری کرنا غریبوں کے بس کی بات نہیں۔ یوتھ لون سکیم کے ذریعے غرباء کا استحصال ہو رہا ہے۔ تاجر، مزدور، ملازم، طالب علم اور گھریلو خواتین ہر کوئی کسی نہ کسی مسئلے کی وجہ سے تنگ ہے۔ حکومت مسائل کو حل کرنے کی بجائے بڑھا رہی ہے۔ موجودہ حکومت نے جھوٹے وعدوں اور دعووں کے علاوہ عملی میدان میں کوئی قابلِ تحسین کارکردگی نہیں دکھائی۔ اس لیئے یہ حکومت بہت جلد عوام میں اپنا وقار کھو بیٹھی ہے۔ تاریخ نے اتنی نامقبول حکومت نہیں دیکھی۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے تو الیکشن ڈرامے سے پہلے ہی اس جھرلو الیکشن کا پردہ فاش کر دیا تھا کہ در اصل یہ دو پارٹیوں کا مک مکا ہے۔ غیر آئینی الیکشن کمیشن کے ذریعے انتخابات کروانا کتنا سنگین جرم تھا، جس کے خلاف قائد انقلاب شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری نے آواز بلند کی تھی، اس کا اندازہ آج ان لوگوں کو ہو چکا ہے جو اس وقت ڈاکٹر طاہر القادری کی مخالفت کر رہے تھے، جب عوام سے بجلی، گیس اور صحت چھین لی گئی ہے۔ نت نئے بحرانوں نے عوام کی چولہے بجھا دیئے ہیں، روزگار ہے نہیں، ہر طرف مایوسی ہی مایوسی ہے۔ 29دسمبر کو پاکستان عوامی تحریک مہنگائی اور کرپشن کے خلاف لاہور میں ایک احتجاجی ریلی نکال رہی ہے جس کا مقصد عوام میں یہ شعور بیدار کرنا ہے کہ حکومت نے عوام سے ان کے حقوق چھین لیئے ہیں جس کی ضمانت ان کو آئین ِ پاکستان نے دی ہے۔ اپنے حقوق لینے کے لیئے آج وہ سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ قوم اس وقت کسی مسیحا کی تلاش میں ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے ایک کروڑ نمازیوں کی کال دے دی ہے۔ وہ اس وقت حکمرانوں کو وقت دینا چاہتے ہیں۔ ان شاء اللہ مناسب وقت آنے پر جماعت کھڑی کی جائے گی۔ جس کی ہیبت سے ہی شیاطین کے پرخچے اڑ جائیں گے۔


تبصرہ