5 جنوری کی احتجاجی ریلی لانگ مارچ دھرنے کا منظر پیش کرے گی۔ انصار ملک
اسلام آباد(میڈیا سیل)17دسمبر 2013ء پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل انصار ملک نے کہا ہے کہ مہنگائی اور کرپشن کے خلاف راولپنڈی میں 5جنوری کی احتجاجی ریلی لانگ مارچ دھرنے کا منظر پیش کرے گی۔ عوام جس انداز میں ڈاکٹر طاہر القادری کی کال پر لبیک کہہ رہی ہے، اس سے اندازہ ہو رہا ہے کہ قوم اپنے حقیقی قائد کی پہچان کر چکی ہے۔ ابھی تو یہ احتجاجی ریلیوں کا سلسلہ شروع کیا ہے تو حکمرانوں کے ہوش اڑ گئے ہیں جب فائنل انقلاب کی کال دی جائے گی تو منظر دیکھنے والا ہو گا کہ جب ساری قوم اپنے حقیقی دشمن اس سرمایہ دارانہ، جاگیر دارانہ، وڈیرانہ اور سامراجی نظام کو اٹھا کر سمندر میں پھینکنے کے لیئے گھروں سے نکل آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکمران واقعی قوم کی بہتری کے لیئے کچھ کر رہے ہوں تو قوم کو اتنی بڑی تعداد میں نکلنے کی کیا ضرورت ہے۔ کثیر تعداد میں عوام کے نکلنے کا مطلب یہ ہے کہ ساری کی ساری قوم ہی ان اشرافیہ سے تنگ ہے جو خود تو مزے کر رہے ہیں جب کہ عوام کو طرح طرح کی پریشانیوں میں مبتلا کر رکھا ہے۔ آئین طبقاتی تفریق کے خاتمے کی بات کرتا ہے جب کہ یہاں امیر اور غریب کے درمیان فرق بڑھتا ہی چلا جا رہے۔ حکمرانوں کا سوائے لوٹ مار کے کوئی اور کام نہیں ہے۔ غریب کے لئے الگ اور امیر کے لیئے الگ قانون ہے۔ ایک طرف غریب نوالے کو ترس رہا ہے اور دوسری طرف اشرافیہ کے کتے بھی راج کر رہے ہیں۔ غریب عوام کے عیاش حکمران ہیں۔ عوام اب ان کے جعلی مینڈیٹ اور الیکشن کے ڈرامے کو پوری طرح سمجھ چکی ہے۔ حالانکہ ڈاکٹر طاہر القادری تو قوم کو پیشگی اطلاع دے چکے تھے کہ غیر آئینی الیکشن کمیشن کے ذریعے قوم کے ساتھ بہت بڑا فراڈ ہونے والا ہے۔


تبصرہ