صنعتوں کو گیس کی بندش نے ملک کے معاشی بحرانوں میں ایک نئے بحران کا اضافہ کر دیا ہے۔ عمر ریاض عباسی
اسلام آباد ( )11 دسمبر 2013ء پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمر ریاض عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں پہلے کیا مسائل کم تھے؟ مہنگائی، بے روزگاری ، لاقانونیت، دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور قتل و غارت اور بجلی کے بحران نے عوام کی زندگی کو جہنم بنایا ہوا تھا۔ اب صنعتوں کو گیس کی بندش نے ملک کے معاشی بحرانوں میں ایک نئے بحران کا اضافہ کر دیا ہے۔ CNG کی بندش سے ہزاروں ٹیکسی ڈرائیوروں کی روزی ختم ہو کر رہ گئی ہے۔ پٹرول پر ٹرانسپورٹ چلنے کی وجہ سے کرائیوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا اور من مانا کرایہ وصول کیا جا رہا ہے۔ جس نے سکولوں اور کالجوں کو جانے والے طلباء کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ اتنے بھاری کرائے غریب آدمی کی برداشت سے باہر ہیں۔ غریب جس اذیت سے گزر رہا ہے اس کے لیئے دو وقت کی روٹی پوری کرنا بھی عذاب بن چکا ہے۔
عمر ریاض ریاض عباسی نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان عوامی تحریک غریبوں کے ساتھ کھڑی ہے اور آل پاکستان ٹیکسی ڈرائیوروں کے درد میں برابر کی شریک ہے۔ موجودہ تمام تر تباہ کن معاشی حالات کی ذمہ دار موجودہ نا اہل قیادت ہے جس کے پاس قابلیت اور دور اندیشی نہیں۔ کاش الیکشن سے قبل سپریم کورٹ ڈاکٹر طاہر القادری کی پیٹیشن سن لیتی اور آئینی اور قانونی طور پر الیکشن کمیشن کی تشکیلِ نو کرتی اور آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کا مذاق بنانے کی بجائے اس پر عمل درآمد ہوتا تو آج یہ صورت حال نہ ہوتی جس سے وطن عزیز گزر رہا ہے۔ آئین کی بالادستی کے نام پر لگتا ہے کہ آئین کو اغواء کر لیا گیا ہے۔ سب ٹیکس چور اور عوام کے خون پسینے کی کمائی کے دشمن اژدھا بن کر ان پر مسلط ہیں۔
چیف جسٹس صاحب کل رخصت ہو گئے لیکن ہمارے پاس 5 سال کے لیئے نا اہل حکمران چھوڑ گئے جن کے پاس عوام کو دینے کے لیئے کچھ نہیں۔ یہ کبھی بنیادی اشیاء کو مہنگا کر کے، کبھی گیس اور بجلی کو بند کر کے، کبھی اداروں کی نجکاری کر کے عوام کو تکلیف اور اذیت کے سوا کچھ نہیں دے رہے۔ اگر عوام اپنا مقدر بدلنا چاہتی ہے تو ڈاکٹر طاہر القادری کی ایک کروڑ نمازیوں کی کال پر لبیک کہے اور اس کرپٹ نظام کو اٹھا کر سمندر برد کرے جس نے قوم کو نسل در نسل غلامی اور تباہ حالی سے دوچار کیا ہوا ہے۔


تبصرہ